کسی دہشت گرد کو اپنے علاقے میں آنے کی اجازت نہیں دیں گے، اہل چترال کا عزم

ہفتہ 9 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چترال کے عوام نے کہا ہے کہ چترال ایک پرامن علاقہ ہے اور یہاں کے لوگ کسی دہشتگرد کو اپنے علاقے میں آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

چترال کی صورتحال پر پراپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے چترال کے عوام نے کہا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے بڑی بہادری سے چترال میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کو مار بھگایا۔

 انہوں نے کہا کہ وہ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، افغانستان کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

چترال کے عوام کا کہنا تھا امن و امان کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف وہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بے خوف ہو کر چترال آئیں۔

سیاحوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چترال کے علاقہ دروش میں زندگی رواں دواں ہے، حالات بالکل پرامن ہیں اور بازاروں میں خوب چہل پہل ہے۔

گزشتہ روز چترال کے ڈپٹی کمشنر محمد علی خان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ چترال میں اسکول، یونیورسٹیاں، ہسپتال اور بازار معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں اور صورتحال مکمل قابو میں ہے۔

واضح رہے 6 ستمبر کو چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد پردہشت گردوں  پاک فوج کی دو چوکیوں پر حملہ کیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران 12 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp