ذخیرہ اندوزوں کے گرد گھیرا تنگ: مختلف کارروائیوں میں کھاد، گندم اور چینی برآمد

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پر ملک بھر میں اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر چاروں صوبوں میں چھاپہ مار ٹیمیں متحرک ہیں، ہفتہ کے روز سندھ کے مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں، اور اس دوران نوشہروفیروز میں 43 ہزار 983 بیگ کھاد برآمد کی گئی ہے۔

چھاپہ مار کارروائی کے دوران ضبط کی گئی کھاد میں یوریا اور ڈی اے پی شامل ہیں۔

متعلقہ اداروں نے سکھر میں ایک اور کارروائی کے دوران یوریا کے 4 ہزار بیگ ضبط کیے ہیں، جبکہ گھوٹکی میں ہونے والی کارروائی میں گندم کے 23 ہزار بیگ برآمد کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ نوشہرو فیروز میں بھی کارروائی کی گئی ہے اور اس دوران 550 بیگ چینی ضبط کر لی گئی ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی دھندہ کرنے والے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جاری رکھی جائیں گی۔

آج ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس میں بھی اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ تمام فیصلے ملک کے وسیع تر مفاد میں کیے جائیں گے اور اسمگلنگ و ذخیرہ اندوزی کی لعنت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اجلاس کے بعد بریفنگ میں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp