اگر پاک-بھارت میچ ایک بار پھر بارش سے متاثر ہوجائے تو پھر کیا ہوگا؟

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ کے مقابلے جب کولمبو میں شیڈول کیے جارہے تھے تب سے ہی اس بات کا شور تھا کہ بارشوں کی وجہ سے میچ متاثر ہوسکتے ہیں مگر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ان میں سے کسی بھی تحفظات پر توجہ نہیں دی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ 2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جانے والا میچ مکمل نہیں ہوسکا اور اب 10 تاریخ کو ایک بار پھر جب یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو بارش نے خلل ڈال دی۔

وییسے تو اے سی سی اور جے شاہ کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ میچ بھی بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوجاتا مگر یہاں براڈکاسٹرز کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے جن کے پُرزور اصرار پر اس میچ کے لیے متبادل دن رکھا گیا جس کے سبب دونوں ٹیموں کو ایک اور موقع مل گیا ہے اور اب آج دونوں ٹیمیں وہیں سے میچ کو شروع کریں گی جہاں کل رکا تھا مگر اس کے لیے ایک شرط یہ ہے کہ آج بارش نہ ہو، لیکن آج بھی بارش ہونے کا پورا امکان ہے اور یہ خدشات بڑھتے جارہے ہیں کا متبادل دن کے باوجود پاکستان اور انڈیا کا ہائی وولٹیج میچ ایک بار پھر بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکے گا۔

اب سوال یہ ہے کہ اگر یہ میچ بھی مکمل نہیں ہوپاتا تو کیا ہوگا؟ تو ہوگا یہ کہ دونوں ہی ٹیموں کو 1، 1 پوائنٹ مل جائے گا مگر اس 1 پوائننٹ سے پاکستان کو تو فائدہ ہی ہوگا کیونکہ اس سے قبل وہ سپر 4 مرحلے میں بنگلہ دیش کو شکست دے چکا ہے جس کے بعد اس کے 3 پوائنٹس ہوجائیں گے اور ان پوائنٹس کے ساتھ وہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہوجائے گا۔ مگر اس میچ کے ڈرا ہونے کے بعد بھارت کی مشکلات میں بے انتہا اضافہ ہوجائے گا۔

صورتحال یہ ہے کہ اگر اس میچ میں بھارت کو 1 پوائنٹ ملتا ہے تو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف اگلے دونوں ہی میچوں میں فتح ناگزیر ہوجائے گی تاکہ وہ 5 پوائنٹس حاصل کرلے، لیکن اگر یہ دونوں میچ مکمل ہوجاتے ہیں اور ان میں سے کسی ایک میں بھی بھارت کو شکست ہوجاتی ہے تو پھر فائنل میں بھارت کا پہنچنا بہت مشکل ہوجائے گا۔

دوسری صورت یہ ہے کہ بارش کی وجہ سے سپر 4 کے اگر اگلے تمام ہی میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوپاتے، جس کا امکان موجود ہے تو بھارت کو 3 پوائنٹس ملیں گے اور وہ فائنل میں نہیں پہنچ سکے گا کیونکہ سری لنکا نے بھی بنگلہ دیش کو شکست دے کر 2 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور اگر سری لنکا کے بھی اگلے دونوں میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوجاتے ہیں تو اسے مزید 2 پوائنٹس مل جائیں گے یوں پاکستان اور سری لنکا باآسانی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔

اس اعتبار سے اے سی سی اور جے شاہ کی ضد کی وجہ سے سب سے زیادہ اگر کسی ٹیم کو نقصان پہنچ سکتا ہے وہ بھارت ہی ہوگی، لیکن کرکٹ شائقین اب بھی یہی سمجھتے ہیں کہ اس طرح کسی بھی ٹیم کو فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہونا چاہیے۔ اب بھی وقت ہے کوئی ایسا حل تلاش کرلیا جائے جس کے نتیجے میں میچ مکمل ہوں اور جو بھی ٹیم اچھا کھیل پیش کرے وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرے۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ اس متبادل دن رکھنے سے انڈیا کو ایک نقصان یہ بھی ہوا ہے کہ اب اسے لگاتار 3 دن میچ کھیلنے پڑجائیں گے۔ کیونکہ 10 تاریخ کو تو پاکستان انڈیا کا میچ پہلے سے شیڈول تھا، مگر پھر متبادل دن رکھنے کی وجہ سے 11 تاریخ کو بھی اب یہ دونوں ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی اور 12 تاریخ کو ایک بار پھر بھارت کو سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp