ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم نے 49.1 اوورز میں 213 رنز اسکور کیے تھے، جواب میں سری لنکا کی ٹیم 41.3 اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں کولمبو میں مدمقابل تھیں۔
سری لنکا کی بیٹنگ
214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، دھونیت ولالگے 42 اور دھننجایا ڈی سلوا 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ چارتھ اسالنکا 22، سدھیرا سمارا وکراما 17 اور کوسال مینڈس 15 رنز بنا سکے۔
بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو 4، رویندر جڈیجا اور جسپریت بمراہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد سراج اور ہاردک پانڈیا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارت کی طرف سے شبمن گل نے 19، روہت شرما نے 53، ویرات کوہلی 3، کے ایل راہول نے 39، ایشان کشن 33، ہردک پانڈیا نے 5، رویندرا جڈیجہ 4، جسپریت بھمرا 5، اور کلدیپ یادیو صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سری لنکا کی جانب سے دھونیت ولالگے نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اسالنکا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں
میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے شردل ٹھاکر کی جگہ اکشر پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ سری لنکا نے اپنے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
مسلسل تیسرے دن کھیلنا ایک چیلنج ہے، بھارتی کپتان
کولمبو میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہاکہ مسلسل تیسرے دن کھیلنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہے، پوری کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں اور آج کا میچ بھی اپنے نام کریں۔
بھرپور کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، سری لنکن کپتان
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈاسن شناکا نے کا کہنا تھا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو اس پِچ پر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم کا مومینٹم اچھا ہے اور نوجوان کھلاڑی اب سینئر بن چکے ہیں، بھرپور کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، اکشرپٹیل، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔
سری لنکا کے اسکواڈ میں پتھم نسانکا، دمتھ کرونارتنے، کوسال مینڈس، سدھیرا سمارا وکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، داسون شناکا، مہیش تھیکشانا، کاسون راجیتھا، متھیشا پتھیرانا اور دھونیت ولالگے شامل ہیں۔