خواتین کا انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بدھ سے لاہور کنٹری کلب، مریدکے میں شروع ہوگا جس میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چیلنجرز، کانکررز، انونسی بلز ،اسٹارز اور اسٹرائیکرز کے نام دیے گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ 9 روز جاری رہنے والا یہ ٹورنامنٹ رانڈ رابن لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم 4 لیگ میچ کھیلے گی اور فائنل 21 ستمبر کو ہوگا۔
ترجمان پی سی بی کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی انڈر19 ٹیم تک آنے کا بھرپور موقع فراہم کرے گا جو جنوری 2024 میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹورنامنٹ میں کیش ایوارڈز بھی متعارف کرائے ہیں۔ فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنراپ ٹیم 3 لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔ ہر میچ کی بہترین کھلاڑی کو 10 ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 25 ہزار روپے ملیں گے۔
ٹورنامنٹ کی بہترین بیٹر، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کو کرکٹ کٹس دی جائیں گی۔ قومی خواتین سلیکشن کمیٹی نے سلیم جعفر کی سربراہی میں پانچوں ٹیموں کے اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہر اسکواڈ 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
یہ سلیکشن پورے ملک میں منعقدہ اوپن ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے جو 8 مختلف اکیڈمیز میں ہوئے تھے۔ 11 کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔ وہی کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اہل ہیں جو یکم ستمبر2004 کو یا اس کے بعد پیدا ہوئیں۔