سری لنکن 20 سالہ آل راؤنڈر ڈونتھ ولالجے، جس نے اکیلے بھارتی بیٹنگ لائن ادھیڑ کے رکھ دی

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صرف 20 سال کی عمر میں شدت کے ساتھ باؤلنگ اور دل سے بلے بازی کرنے والے سری لنکن ٹیم کے نوجوان کھلاڑی ڈونتھ ولالجے نے ایشیا کپ 2023 کے سپر 4 مرحلے کے میچ میں اکیلے بھارت کی آدھی ٹیم کو آؤٹ کر دیا، جس پر سینئر کھلاڑیوں نے ان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے ڈونتھ ویلالجے کو مستقبل کا روشن ستارہ قرار دے دیا۔

آئی سی سی کے مطابق ڈونتھ ولالجے نے بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں انتہائی ذمہ داری کے ساتھ بہترین پرفارمنس کا مظاہر کیا، 2003 میں پیدا ہونے والے نوجوان نے ویرات کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہول، شبمن گل، اور ہاردک پانڈیا جیسے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈونتھ ویلالجے نے بین الاقوامی سطح پر پہلی بار 5 وکٹیں حاصل کیں، 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر کی تعریف میں بڑے بڑے کھلاڑی سامنے آگئے جو ان کی شاندار بولنگ سے متاثر ہوئے تھے۔

سری لنکن لیجنڈ بولر لاستھ ملنگا نے ڈونتھ ویلالجے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان اسپنر نے ایشیا کپ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپن میں بھارت کے اعلٰی ترین ٹاپ آرڈر کو شکست دی۔

ملنگا نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کو اس نوجوان اسپنر کا مستقبل روشن دکھائی دے رہا ہے اور اگلی دہائی کے لیے ون ڈے میں سری لنکا کے لیے سب سے اہم کھلاڑی بننے جا رہا ہے۔

بھارتی مشہور کھلاڑی اور اسپنر ایشون نے بھی ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے نوجوان ڈونتھ ویلالجے کی تعریف کی۔

بھارتی سابق کھلاڑی ہرشا بوگلے نے بھی ڈونتھ ویلالجے کی تعریفوں کے پل باندھے اور لکھا کہ انڈر 19 کرکٹ میں جو کمٹمنٹ کی تھی اس نے آج انٹرنشینل میچ میں پوری کر دکھائی ہے۔

بھارتی سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان بھی ویلالجے کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے اور کھل کر تعریف کی۔

واضح رہے ولالجے نے اب تک اپنے ملک کے لیے صرف 13 ون ڈے کھیلے ہیں، لیفٹ ہینڈ بولر اور بیٹر سری لنکا کی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ مہم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں جو اگلے ماہ بھارت میں شروع ہو رہا ہے۔

ویلالجے نے سب سے پہلے پچھلے سال کے آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں 13.58 کی اوسط سے 17 وکٹوں کے ساتھ نمایاں وکٹیں لے کر باقی کھلاڑیوں کے سامنے اپنی کلاس کا مظاہرہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp