صرف ایک سیاسی جماعت کیسے جانتی ہے کہ انتخابات کب ہوں گے، بلاول بھٹو

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا  ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو اور انہیں خود نہیں معلوم لیکن ایک سیاسی جماعت کو پتا ہے کہ ملک میں آئندہ انتخابات کب ہوں گے۔

مظفر گڑھ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت خود الیکشن کی تاریخ دے رہی ہے، اس ایک جماعت کو کیسے پتا کہ الیکشن فروری میں ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اب میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات نہ کریں تو پھر اور کیا بات کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کا آئین 90 روزمیں انتخابات کا کہتا ہے تاہم اگر اس میں کوئی مشکل پیش آ رہی ہے ہے تو 100 دن میں الیکشن کروا لیں مگر انتخابات کی کوئی تاریخ تو دیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے میثاق جمہوریت کے حق میں ہے، پی پی پی نے نیا میثاق جمہوریت بھی کرنا چاہا لیکن وہ نہیں ہو سکا کیونکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اس کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق کل پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مظفر گڑھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا،  2018 انتخابات میں یہاں کے عوام نے پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی کی تین نشستیں جتوائیں، آئندہ الیکشن میں پی پی پی مظفرگڑھ سے قومی اسمبلی کی 5 سیٹیں جیتے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک پر ایک نااہل اور نالائق وزیراعظم کو مسلط کیا گیا، سلیکٹڈ کی وجہ سے ملک و قوم کو بحران کا سامنا کرنا پڑا، پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت کے خلاف عوام کے ساتھ مل کر تحریک چلائی۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپنی وزارتوں کی جواب دہ ہے اور پی ڈی ایم اپنی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کو ایک جماعت حل نہیں کرسکتی، اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام بجلی کے بلوں اور اسکولوں کی فیس سے پریشان ہیں، سفید پوش طبقہ اور چھوٹا تاجر پریشان ہے، ان مسائل کا حل بھٹو کے منشور میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعلیم پر توجہ دی، پسماندہ علاقوں کے بچوں کو بھی تعلیم کی سہولتیں ملنی چاہئیں، پاکستان کے لوگ باصلاحیت ہیں اور پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ پاکستان کے عوام کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ امیر لوگوں کو سبسڈی دینے کے بجائے عام آدمی کورعایت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مزدوروں اور کسانوں کے لیے اقدامات کیے، اگلی حکومت میں ان کے لیے لیبرکارڈ متعارف کرائے جائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن ان کا حل بھی ہمارے پاس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp