پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنا فریضہ انجام دے دیا اب سپریم کورٹ اپنا آئینی فرض نبھائے۔
بدھ کو کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں پارٹی نے صدرِ مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے تعیّن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آرٹیکل 48 (5) کےتحت اپنا دستوری فریضہ سرانجام دے دیا۔
کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت نے معاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھجوایا ہے اور اب اس حوالے سے پوری قوم کی نگاہیں سپریم کورٹ پر لگی ہیں۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے لیے لازم ہے کہ دستور کےحوالے سے اپنا آئینی کردار نبھائے اور الیکشن کمیشن کو دستور کی طے شدہ مدت یعنی 6 نومبر تک انتخاب کے انعقاد کا پابند بنائے۔
پارٹی کا کہنا تھا کہ صدرِمملکت کا اقدام خوش آئند ہے اور اب عوام کے لیے کسی قدر سکھ کی سانس ممکن ہے۔ پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ صدرِمملکت کے اقدام کے بعد قوم میں امید جاگی ہے کہ بالآخر عوام کی منتخب حکومت حلف لے گی اور ملک کو گمبھیر سیاسی اور معاشی مسائل سے نکالنے کی تدبیر کرے گی۔