وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے ادارے کی نجکاری کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نجکاری کمیشن کو پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق گرین سگنل دے دیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پی آئی اے کے معاملے پر بلائے گئے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کو فنڈز کے اجرا کی مخالفت کردی، اور تجویز دی گئی ہے کہ فنڈز کے اجرا کے بجائے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے۔
اجلاس میں سیکریٹری ہوابازی نے موقف اختیار کیا کہ پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے 8 سے 10 ماہ درکار ہوں گے۔ آپریشن چلانے کے لیے قومی ایئرلائن کو فنڈز کا اجرا کیا جائے۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نجکاری کمیشن کے موقف کی حمایت کردی، اور وفاقی وزیر نجکاری کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔