طورخم سرحد کل سے آمدورفت کے لیے کھول دی جائے گی، حکومتی ذرائع کی بھی تصدیق

جمعرات 14 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پاک افغان سرحدی گزرگاہ طورخم سرحد جمعے کو کھول دی جائے گی۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ سرحد صبح 8:30 بجے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے کھول دیے جانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

حکومتی ذرائع نے بھی سرحد کھولنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ افغان عبوری حکومت کے وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور سے ملاقات میں انسانی بنیادوں پر بارڈر کھولنے کی درخواست کی، اور اب طورخم بارڈر آمدورفت کے لیے کل سے کھلنے کا قوی امکان ہے۔

یاد رہے کہ طورخم سرحد جمعرات کو 8 ویں روز بھی بند رہی جبکہ متعدد بار پاک افغان حکام کے درمیان میٹنگ جاری رہی جبکہ اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی کہ تاہم دونوں جانب سے میتوں اور شدید بیمار افراد کے لیے عارضی طور پر کھول دی جائے گی۔

اس سے قبل طور خم سرحد پر موجود ذرائع نے وی نیوز کو بتایا تھا کہ دونوں جانب سے حکام رابطے میں ہیں اور بارڈر پر کئی میٹنگز بھی ہو چکی تھیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بارڈر عارضی طور پر کھولنے سے بیمار افراد کو بھی فائدہ ہو گا جو اس کے منتظر ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کافی تعداد میں افغان مسافر علاج کے لیے پاکستان آنے کے منتظر ہیں جبکہ کافی بڑی تعداد علاج کے بعد واپسی کی بھی منتظر ہے۔

طورخم بارڈر بندش کا پس منظر

رواں ماہ کی 6 تاریخ کو افغان طالبان کی جانب سے بارڈر کے قریب چیک پوسٹ تعمیر کرنے پر مسئلہ کھڑا ہو گیا تھا جس کے بعد افغان طالبان نے فائرنگ کی جس کا پاکستانی فورسز نے بھی جواب دیا تھا۔ حالات کشیدہ ہونے پر طورخم سرحد کو بھی فوری طور پر بند کر دیا تھا جو تاحال  پیدل سمیت ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس سے دونوں جانب بڑی تعداد میں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں اور بارڈر کھلنے کے منتظر ہیں۔ بارڈر کی بندش سے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی بھی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp