کراچی، اندھی گولی سے بچی کی ہلاکت کا واقعہ، مبینہ ملزم جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے

جمعہ 15 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بفرزون میں مبینہ طور پر چلنے والی اندھی گولی سے 7 سالہ بچی مریم ثاقب کے جاں بحق ہونے والے واقعے میں ملوث مبینہ ملزم کو پولیس نے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

جمعہ کو پولیس نے مبینہ ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کے روبرو پیش کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے گرفتارمبینہ ملزم کوعدالت نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر مقدمے میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔

ادھر تفتیشی آفسر نے عدالت کو بتایا کہ اسٹریٹ کرمنلزاور سیکیورٹی گارڈ کے مابین مقابلے کے بعد یہ حادثہ پیش آیا، سیکیورٹی گارڈ ایک ہوٹل میں ملازمت کرتا ہے جب کہ بچی کا باپ ابھی صدمے میں ہے، ان سے معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں۔

مقدمہ سرکار کی مدعيت میں تیموریہ تھانے میں درج ہے، واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب ایک بچی گاڑی میں اپنے والد کے ساتھ اسکول جا رہی تھی کہ گولیاں چلنے سے جاں بحق ہو گئی۔

ادھرمبینہ ملزم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شادمان ایک نمبر پر میری سیکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی تھی، دو ڈکیت آئے اور میری طرف اپنے ہتھیار کیے، میں نے اپنے ہتھیار سے ڈکیتوں کو نشانہ بنایا، میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، بچی کو گولی کیسے لگی، مجھے اس کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں۔

بفرزون میں 7 سالہ مریم ثاقب کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے۔

ایس ایچ او تیموریہ ذوالفقار حیدر،ایس ایچ او شارع نورجہاں قمر جاوید بھی کیس پر کام کریں گے ، تحقیقاتی ٹیم فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp