لاہور بمقابلہ کراچی یا پاکستان بمقابلہ انڈیا؟

اتوار 19 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیگ میچوں کا  سلسلہ جاری ہے اور شائقین کرکٹ کی توقعات کے عین مطابق سنسنی خیز مقابلے دیکھنےکو مل رہے ہیں ۔

 شائقین کرکٹ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچز کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پچھلے سات سیزنز کے دوران بڑے پیمانے پر لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچز دیکھنے والے ناظرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے آج ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے میچز کے حوالے سے بحث جاری ہے اور یہ گفتگو دیکھتے ہوئے آپ کھیل کی دنیا میں ہونے والے بڑے مقابلوں کو شاید بھول ہی جائیں۔

لیورپول بمقابلہ مانچسٹر یونائیٹڈ۔ ریئل میڈرڈ بمقابلہ بارسلونا یا پاکستان بمقابلہ انڈیا کے بارے میں جو کچھ آپ جانتے ہیں اسے بھول جائیں کیونکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز اب روایتی حریف بن چکے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے یہ مقابلہ دیکھنے کے لئے مضبوط دل کا مالک ہونا ضروری ہے۔

میچ سے قبل مداحوں نے سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھر پور تبصروں اور تجزیوں سے ماحول خوشگوار بنا رکھا ہے۔ ایک صارف نے آج کے دن کو سپر سنڈے قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آج بریانی بمقابلہ پائے ہے۔

دونوں ٹیموں کے مداح سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کافی فعال نظر آرہے ہیں۔ کوئی اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی پرفارمنس کے حوالے سے پیش گوئی کر رہا ہے تو کوئی اپنی پسندیدہ ٹیم کے جیتنے کی دعا ۔ ایسے میں صارف محمد حمزہ لکھتے ہیں صرف کراچی کی جیت ہی ان کا موڈ اچھا کر سکتی ہے

 ایک اور صارف نے لکھا کہ مسلسل تین میچز ہارنے والی کراچی کنگز آج لاہور کے خلاف مقابلہ جیت کر اپنی فتوحات کا آغاز کرے گی جس کے جواب میں ایک اور صارف عاطف اعوان نے لکھا شاید آپ نے لاہور قلندرز کی باؤلنگ لائن نہیں دیکھی۔

ٹویٹر پر ماحول کی گرما گرمی دیکھتے ہوئے ایک صارف نے سوال کیا کہ یہ کراچی بمقابلہ لاہور ہے یا پاکستان بمقابلہ انڈیا ؟

پاکستان سپر لیگ میں آج کراچی کنگز لاہور قلندرز کا سامنا کرے گی اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ اس سے قبل کراچی کنگز اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی جبکہ لاہور قلندرز نے پی اس ایل کا آغاز ملتان سلطان کے خلاف جیت سے کیا تھا ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp