امریکا اور چین نے مفاہمت کے سلسلے کو آگے بڑھانے اور دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کو دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اورچین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان یورپی ملک مالٹا میں ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
اتوار کو وائٹ ہاؤس اور چینی وزارت خارجہ سے جاری الگ الگ بیانات میں کہا گیا ہے کہ 16 اور 17 ستمبر کو ہونے والی مختلف ملاقاتوں میں فریقین کے درمیان مثبت، ٹھوس اور تعمیری بات چیت ہوئی۔
چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے اور ایشیا بحرالکاہل و سمندری امور اور خارجہ پالیسی پر دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پراتفاق کیا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے بات چیت کے اس سلسلے کو برقرار رکھنے اور آنے والے مہینوں میں اہم شعبوں میں مشاورت کو آگے بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں
چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جیک سلیوان نے تائیوان کے پار امن اور استحکام کی اہمیت کو تسلیم کیا جبکہ وانگ یی نے امریکا کو متنبہ کیا کہ تائیوان کا مسئلہ ’چین امریکہ تعلقات کی پہلی ناقابل تسخیر سرخ لکیر‘ ہے۔
واضح رہے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے آخری بار مئی میں ویانا میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ امریکی اور چینی اعلیٰ سطحی حکام کے درمیان حالیہ بات چیت رواں برس کے آخر میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ کی درمیان ملاقات کی بنیاد بن سکتی ہے۔
رواں ماہ بھارت میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں چینی صدر کی عدم شرکت پر امریکی صدر جو بائیڈن نے مایوسی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ چینی صدر سے ضرور ملیں گے۔
جو بائیڈن اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات متوقع طور پرنومبر میں سان فرانسسکو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) سربراہی اجلاس میں ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل بائیڈن اور شی جن پنگ کی آخری ملاقات گزشتہ برس انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔
امریکی وزیر تجارت جینا ریمونڈو، وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر خزانہ جینٹ ییلن رواں برس چین کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان وزراء کے دوروں کا مقصد امریکا کی فضا سے گزرنے والے چینی نگرانی کے غبارے کو مار گرانے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کوکم کرنا تھا۔


















