بلوچستان کے صوبائی نگران وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان نوابزادہ جمال رئیسانی آج کوئٹہ میں چوتھے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ کے لیے فٹبال کے میدان میں اتریں گے۔
نگران وزیر کھیل جمال رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس بات کا اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں بطور کھیلاڑی شمولیت اختیار کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’بلوچستان کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی دیرینہ خواہش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم نے وزیراعلیٰ گولڈ کپ فٹبال کا اعلان کیا ہے جس میں پورے پاکستان سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ میرے نزدیک کوئی عام اور خاص نہیں، سب برابر ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ عوام اور بڑے دفاتر میں بیٹھے لوگوں کے درمیان فرق ختم ہوں۔ جس کا باقاعدہ آغاز میں خود سے کرنا چاہتا ہوں‘۔
بلوچستان کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی دیرینہ خواہش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم نے سی ایم گولڈ کپ فٹبال کا انعقاد کردیا ہے جس میں پورے پاکستان سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ افتتاحی میچ میں میں باقاعدہ طور پر بطور کھلاڑی حصہ لے کر ٹورنامنٹ کا افتاح کروں گا۔ میرے نزدیک کوئی عام اور خاص نہیں، سب… pic.twitter.com/9rxjiTevka
— Nawabzada Jamal Khan Raisani (@SonOfShaeed) September 17, 2023
ڈی جی سپورٹس درا بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 52 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ آج افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن بلوچستان پولیس اور مسلم کلب چمن کے مابین ایوب اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ میں نگران صوبائی وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال خان رئیسانی بھی بحثیت کھلاڑی حصہ لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اختتامی تقریب اور فائنل میچ یکم اکتوبر کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں ہوگا جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی ہوں گے اور فائنل کے فاتح ٹیم کو 15 لاکھ، رنر اپ ٹیم کو 10 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ڈی جی کھیل نے بتایا کہ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کل 186 فٹبال ٹیموں نے ملک بھر سے حصہ لیا جس میں قریباً 3780 کھلاڑیوں نے اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز کی الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے لائیو کوریج ہوگی۔