کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کے پہلے ہی میچ میں شائقین کی آمد پر پابندی عائد

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے آغاز سے قبل ایک چونکا دینے والی پیش رفت کے بعد 29 ستمبر کو حیدرآباد دکن میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانیوالے وارم اپ میچ کو دیکھنے کے کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کوئی تماشائی موجود نہیں ہوگا۔ بظاہر یہ فیصلہ بھارت میں تہواروں کے بدلتے ہوئے شیڈول کے باعث مناسب سیکیورٹی کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے ٹکٹنگ پارٹنر ’بک مائی شو‘ کو بورڈ ان تمام لوگوں کو پیسے واپس کرنے کی ہدایت کرے گا جنہوں نے اس وارم اپ میچ کے ٹکٹ بک کرلیے تھے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا اور جنہوں نے ٹکٹ خرید لیے ہیں انہیں پیسے واپس کردیے جائیں گے۔

سٹی پولیس نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کو اس میچ کو ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ اس ضمن میں درکار خاطرخواہ سیکیورٹی کا فقدان رہے گا، جو 28 ستمبر کو گنیش وسرجن اور میلاد النبی کے تہواروں کے ایک ساتھ وقوع پذیر ہونے کے باعث متوقع ہے۔

بھارتی شہر حیدرآباد میں واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کا ایک منظر، جہاں 55 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول میں پہلے ہی ردوبدل کے باعث منتظمین اس درخواست کو ماننے سے قاصر تھے اور اس لیے اب تماشائیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ایجنسیوں نے اس سے قبل حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 اکتوبر اور 10 اکتوبر کو شیڈول دو بیک ٹو بیک ورلڈ کپ 2023 لیگ میچز پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ 10 اکتوبر کے میچ میں پاکستان اور سری لنکا جبکہ 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کے درمیان میچ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک میچ کے لیے تقریباً 3000 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم کو رکھا جائے گا وہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ2023  کے اصل شیڈول میں پہلے ہی 9 میچوں کو دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے مابین میچ ابتدائی طور پر 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں نوراتری تہوار کے پہلے دن تھا، جو پورے گجرات میں بہت دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ میچ اور تہوار کے اس تاریخی تصادم کو مد نظر رکھتے ہوئے اس میچ کو ایک دن آگے بڑھادیا گیا ہے۔

.

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp