سندھ پولیس نے صوبے میں چینی، گندم ، یوریا اور پیڑولیم مصنوعات سمیت اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے کسٹم حکام کو کریک ڈاؤن کے لیے پولیس ٹیمیں فوری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ پولیس کے اعلامیہ کے مطابق صوبے میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور اس ضمن میں آئی جی سندھ پولیس نے کراچی پولیس چیف سمیت صوبے بھر کے زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو خط ارسال کردیے ہیں۔
آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر رفعت مختار نے اپنے مراسلہ میں ضلعی ایس ایس پیز، انتظامیہ اور کسٹم حکام کو مشترکہ ناکے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے بلوچستان سے سندھ آنے والے راستوں پر کڑی نگرانی رکھنے کا حکم دیا ہے۔
کھانے پینے کی اشیا کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سندھ حکومت کے متعلقہ محکموں کو بھی ساتھ رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس نے صوبے بھر کے زونل ڈی آئی جیز کو کسٹم حکام کو کریک ڈاؤن کے لیے پولیس ٹیمیں فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر رفعت مختار نے خصوصی طور پر محکمہ پولیس کے افسروں کو اسمگل شدہ سامان فوری طور پر کسٹم اور دیگر متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کا کہا ہے۔اس ضمن میں متعلقہ کارروائیاں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر آئی جی آپریشن روم کو فراہم کی جائیں۔
مراسلہ میں صوبائی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ کارروائیوں کی رپورٹ سے آئی جی آفس صوبائی اور وفاقی وزیر داخلہ کے آفس کو بھی آگاہ رکھے گا۔