جماعت اسلامی کا رویہ افسوسناک، ہم بھی اپنے سیکٹر کے لوگوں کو بلا سکتے تھے: کامران ٹیسوری

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ جماعت اسلامی کا رویہ افسوسناک ہے، جب پارک کا افتتاح کرنے گئے تو جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نازیبا اور غیر اخلاقی نعرے لگائے، اگر وہ چاہتے تو اپنے سیکٹر کے لوگوں کو بلا کر نعروں کا جواب دیتے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ کراچی کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں لیکن جماعت اسلامی والے نامناسب بیانات دے رہے ہیں، سب جانتے ہیں کہ گورنر ہاؤس عوامی ہے اور گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نارتھ ناظم آباد میں ایک پارک کا افتتاح کرنے گئے تھے جہاں جماعت اسلامی کے کارکنان نے نامناسب نعرے بازی کی اور حافظ نعیم نے کال کرکے کہا کہ آپ افتتاح نہیں کریں گے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ’میں نے حافظ نعیم سے کہا ہے کہ ہم ساتھ ملکر پارک کا افتتاح کرتے ہیں بلکہ اپنا نام ہٹوا کر آپ کا نام لکھوا دیتے ہیں لیکن بعد میں پتا چلا کہ وہ رؤف صدیقی کا نام شامل کرنے پر ناراض تھے‘۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پارک کا نام کسی ایک شخص کے نام سے منسوب ہونا کوئی مسئلہ نہیں ہے، حافظ نعیم نے دعوت کو ٹھکرا کرکہا کہ جب ہم کہیں گے تو آپ افتتاح کے لیے آئیں۔ انہوں نے میری بات پر ضد کا اظہار کرتے ہوئے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کے باعث سیٹیں ملی تھیں، یہ کس بات پر اتنا واویلا مچا رہے ہیں، حافظ نعیم تو چائنہ کٹنگ کے ذریعے میئر بننا چاہتے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp