کینیڈا سے چپقلش کے پیش نظر بھارت نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی کینیڈا کے ساتھ جاری چپقلش کے پیش نظر بھارتی حکومت نے اپنے شہریوں کو کینیڈا کے سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کو جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں حکومت نے کہا کہ ’کینیڈا میں ہندوستان مخالف سرگرمیوں اور نفرت انگیز جرائم کے پیش نظر سبھی ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وہاں سفر کرتے وقت خاص احتیاط برتیں‘۔

حکومت نے ہندوستانی شہریوں اور کینیڈا میں زیر تعلیم طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں حال ہی میں ہندوستانیوں کے خلاف پرتشدد واقعات پیش آئے ہیں۔

اپنی ایڈوائزری میں حکومت کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ہندوستان مخالف ایجنڈے کے خلاف کھڑے ہونے والے کئی ہندوستانی سفارت کاروں اور ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں کے خلاف پرتشدد واقعات رونما ہوئے ہیں جس کے پیش نظر بھارتی شہری ممکنہ پرتشدد علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں ہندوستانی ہائی کمیشن ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے وہاں کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ حکومت نے کینیڈا میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبہ کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے اور انہیں ہمیشہ محتاط رہنے کے لیے کہا۔

حکومت نے کینیڈا میں مقیم ہندوستانی شہریوں اور طلبہ سے کہا کہ وہ اوٹاوا میں واقع ہائی کمیشن اور ٹورنٹو اور وینکوور میں واقع قونصل خانوں میں خود کو رجسٹر کریں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ان سے فوری رابطہ کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp