آزاد کشمیر حکومت نے راولاکوٹ جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش میں مدد کرنے پر 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔
حکومت آزاد کشمیر نے ایک پوسٹر جاری کیا ہے جس میں 17 قیدیوں کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جبکہ 18 قیدیوں کے نام، پتا اور تفصیل دی گئی ہے اور اس اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ سزائے موت کے 6 قیدی ہیں جبکہ 3 کو 25 سال قید کی سزا ہوئی ہے۔
فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 10 کا تعلق آزاد کشمیر، ایک کا گلگت بلتستان جبکہ 7 کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں سے ہے۔
کمشنر پونچھ ڈویژن سردار وحید خان نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جیل توڑ کر فرار ہونے والے مفروروں کی گرفتاری کے لیے پونچھ ڈویژن کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ہمہ وقت چیکنگ کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں
سردار وحید نے کہاکہ پولیس نے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں میں تلاش شروع کی ہوئی ہے جس میں پولیس جدید آلات، ڈرون کیمرے اور دیگر ذرائع استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ تمام مفروروں کے نام (PNIL) میں ڈالتے ہوئے تمام ایئرپورٹس کو مہیا کردیے گئے ہیں تاکہ وہ بیرون ملک نہ بھاگ سکیں۔
دریں اثنا سیکریٹری ان لینڈ ریونیو چوہدری رقیب نے کمیٹی ممبران کمشنر پونچھ اور ڈی آئی جی پونچھ کے ساتھ اپنی انکوائری کا آغاز کردیا ہے اور جیل میں قیدیوں اور عملہ کے بیان لینا شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ثنااللہ ڈار سپرنٹنڈنٹ جیل باغ کو فوری طور پر سپرنٹنڈنٹ راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل تعینات کردیا ہے۔ حکومت آزاد کشمیر نے ایک حکم نامہ کے تحت ان مفروروں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ فی مفرور کل 10 کروڑ 10 لاکھ روپےانعام کا اعلان کیا ہے۔