الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا ہے کہ بعد ملک بھر میں عام انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادیئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا ۔ اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔
ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی۔ اور اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروادیے جائیں گے۔
سیاسی جماعتوں کا اجلاس 4 اکتوبر کو طلب
دوسری طرف آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سیکشن 233، الیکشنر ایکٹ 2017، کے تحت ضابطہ اخلاق ( Code of Conduct ) پر مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کا اجلاس مورخہ 4 اکتوبر 2023 بوقت 2 بجے دوپہر کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں طلب کرلیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈرافٹ ضابطہ اخلاق کی ایک کاپی بھی سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کو بھیجی گئی ہے تاکہ مشاورت کے وقت وہ ضابطہ اخلاق پر بہتر انداز میں اپنا فیڈ بیک دے سکیں۔
ڈرافٹ ضابطہ اخلاق کی کاپی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹwww.ecp.gov.pk پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔