نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے بھارتی وزیر نریندر مودی کو اکیسویں صدی کا ہٹلر قرار دے دیا۔انتہا پسند ہندوؤں کا پوری دنیا میں نیٹ ورک پھیلا ہوا ہے۔
جڑانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ ’میری زندگی کا مقصد ہی انسانیت کی خدمت کرنا ہے، کیوں کہ پوری کشمیری قوم کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے یہی کہا جا سکتا ہے کہ اس صدی کا سب سے بڑا ہٹلر مودی ہے، میرے اپنے شوہر ڈیتھ سیل میں قید ہیں۔‘
مشعال ملک نے کہا کہ بھارت میں مسجدوں کو تالے لگ جاتے ہیں اور وہاں مسلمان، سکھ، کرسچن یا دلت کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، سب کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں انتہا پسند ہندوؤں کی آگ چل پڑی ہے، جس طرح کینیڈا کے اندر سکھ رہنماؤں کو قتل کیا گیا اس سے لگتا ہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کا پوری دنیا میں نیٹ ورک پھیلا ہوا ہے جو معصوموں کو قتل کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
مشال ملک نے کہا کہ انڈیا پاکستان کا دشمن ہے اور پاکستان کے اندر دہشتگردی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے، جڑانوالہ واقعہ بھارت کے حق میں تھا تاہم بھارت یہاں نفرت پھیلانے میں ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ساڑھے 4سال سے کرفیو نافذ ہے، پورا کشمیر جیل بنا ہوا ہے، کشمیریوں کو ذبح کیا جا رہا ہے، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس دیتا ہے، جڑانوالہ میں سازش کے تحت فسادات پھیلانے کی کوشش کی گئی، جڑانوالہ میں پوری قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی ہوئی۔