پشاور میں قیمہ سپلائی کرنے والوں میں ایسے یونٹس بھی ہیں جو مرغیوں کی ہڈیوں کو پراسس کرکے اس کی مدد سے جعلی بیف قیمہ بناتے ہیں اور چپلی اور سیخ کباب کے لیے ہوٹلوں کو سپلائی کرتے ہیں تاہم اب ایسے عناصر کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی سرگرم عمل ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں قیمہ تیار کرنے والے یونٹس پر اچانک چھاپے کے دوران 5 ہزار کلوگرام سے زائد مرغیوں کی ہڈیاں برآمد کرلیں۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی پشاور میں ملاوٹ مافیا کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فردوس میں قیمہ تیار کرنے والے یونٹس پر اچانک چھاپے مارے اور اس دوران 5 ہزار کلوگرام سے زائد مرغیوں کی ہڈیاں برآمد کرکے انہیں تلف کر دیا گیا۔
یونٹس میں مشین سے مرغیوں کی ہڈیوں کے ساتھ رنگ ملا کر مضر صحت اور غیر معیاری قیمہ تیار کیا جا رہا تھا۔ مذکورہ قیمہ چپلی اور سیخ کباب کے لیے ہوٹلوں کو سپلائی کرنا تھا۔
کارروائی کے دوران 2 یونٹس سیل کرکے مالکان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ ایسے عناصر شہریوں کی صحت سے کھیلنے اور پوری انڈسٹری کو بدنام کرنے سے باز آجائیں ورنہ ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔