موٹروے پر باراتیوں کی بس کو حادثہ، 12 جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

اتوار 19 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کلرکہار کے قریب موٹروے پر بس حادثے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق بس اسلام آباد سے لاہور جارہی تھی کہ کلرکہار کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، بس میں باراتی سوار تھے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک سوزوکی پک اپ بھی بس کی زد میں آگئیں۔

چکوال کی ڈپٹی کمشنر قرۃ العین ملک نے بتایا کہ بس حادثے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بس سے اب تک 64 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا ہے اور حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس اور ریسکیو1122 جائےحادثہ پر موجود ہے اور امدادی کارروائی جاری ہے۔ تاہم اندھیرا ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔

ڈی آئی جی موٹروے محمد یوسف جائے حادثہ پر موجود ہیں ریسکیو آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب ایمرجنسی سروس ڈپارٹمنٹ ریسکیو1122 چکوال کے مطابق ڈائیو مسافربس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی کہ بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر روڈ کی دوسری جانب سامنے سے آنے والی کار سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں بس اور کار دونوں اُلٹ کر کھائی میں جا گریں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چکوال ڈاکٹرعتیق احمد خان کی نگرانی میں 18 ریسکیورز اور 7 ایمرجنسی گاڑیاں روانہ جائے حادثہ پر روانہ ہوگئیں۔

آپریشن کمانڈر کے مطابق حادثہ میں 9 مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ 63 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ٹراما ہسپتال کلرکہار منتقل کر دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp