ارب پتی رونالڈو عرب بھی بن گئے

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک مرتبہ پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ رونالڈو نے رواں برس کے آغاز میں سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر میں شمولیت اختیار کی اور اسی سال اپنے کلب کو عرب کلب چیمپئنز کپ کا فاتح بنادیا۔ ان کی سعودی عرب آمد اور فٹبال میچز میں شاندار پرفارمنس پر النصر کلب کے فینز ہی نہیں پورا سعودی عرب خوشی سے نہال ہے۔

النصر کی جیت کا جشن ابھی جاری تھا کہ رونالڈو نے اپنے سعودی فینز کو ایک اور تحفہ دے دیا۔ سعودی عرب کا قومی دن 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس برس یہ دن ایک تو ویک اینڈ پر آرہا ہے اور دوسرا یہ کہ النصر کلب نے اس دن کی مناسبت سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں رونالڈو سمیت النصر کلب کے تمام کھلاڑی عربی لباس پہنے، ہاتھوں میں تلواریں اٹھائے روایتی رقص کر رہے ہیں۔

رونالڈو عربی لباس میں جاذب نظر دکھائی دے رہے ہیں۔ النصر کے فینز رونالڈو اور دیگر کھلاڑیوں کو روایتی لباس پہنے اور رقص کرتے دیکھ کر حیرت اور خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ النصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے اکاؤنٹ سے اس نغمے کی ویڈیو جاری کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آغاز میں نوجوانوں کا ایک گروپ النصر کلب کے ہیڈ کوارٹرز میں چپکے سے داخل ہوتا ہے اور پہلے ٹیم کے ان کھلاڑیوں کو پکڑتے ہیں جو قومی دن کی تقریبات کے لیے تیار ہورہے ہوتے ہیں۔ ڈھائی منٹ کے کلپ میں ونگر عبدالرحمن غریب اور کیپر نواف العقیدی کو جشن کے لیے ڈھول بجاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ گول کیپر ولید عبداللہ  اوٹاویو کواس وقت عربی کافی پیش کرتے ہیں جب وہ بال کٹوا رہے ہوتے ہیں۔

سنہرے بالوں والے برازیلین اٹیکنگ مڈفیلڈر ٹیلسکا کو ویڈیو میں ہیڈ کوچ لوئیس کاسترو کے نئے سفید جبہ کی پیمائش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سینیگالی سٹرائیکر سعدیو مانے اپنے کندھے پر تلوار رکھے ہوئے ہیں اور ان کے ارد گرد ڈھول بجایا جا رہا ہے۔

اس ویڈیو میں رونالڈو سب سے نمایاں نظر آرہے ہیں، ان کے ساتھ ان کے ٹیم کے ساتھی عبداللہ الخائیباری، مرسیلو بروزووک اور سلطان الغانم بھی نظرآرہے ہیں۔ ان کا یہ انداز منفرد بھی تھا اور سعودی عرب کے شہریوں کے لیے فخر کا باعث بھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp