بلوچستان کے نوجوانوں کو مختلف کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو اس طرح کی مثبت اور صحت مند سرگرمیاں میسر ہونے سے صوبے میں احساس محرومیت قدرے کم ہوتا جا رہا ہے۔
ان سرگرمیوں کی وجہ سے بلوچ نوجوان قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے فعال شہری ثابت ہو رہے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ضلع نوشکی، خضدار، چاغی، سوراب، لورالائی، پنجگور، نصیرآباد، کیچ اور کوہلو میں کرکٹ میچوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مجموعی طور پر 4600 سے زیادہ شائقین نے شرکت کی۔ گوادر، کیچ اور حب میں کیریئر کی رہنمائی کے لیے مختلف سیشنز کا انعقاد کیا گیا جن میں مجموعی طور پر 850 کے قریب بلوچ نوجوانوں نے حصہ لیا۔
مزید پڑھیں
کوہلو، حب، لسبیلہ میں مختلف موضوعات پر تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں تقریبًا 600 سے زیادہ طلبا نے شرکت کی۔ ️ان تقریری مقابلوں کے دوران بلوچ طلبا نے افواج پاکستان کی قربانیوں پر سب سے زیادہ تقاریر کیں۔
جنگ ستمبر سے متعلق ایک خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں پاک افواج کے بہادر جوانوں اور افسروں کی لازوال قربانیوں کو سراہا گیا۔ ضلع کیچ میں اسلامی تعلیمات پر سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں 130 کے قریب افراد شریک ہوئے جبکہ ضلع گوادر میں یوتھ ٹیلنٹ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں 200 سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔
ضلع کیچ میں نوجوانوں کے مستقبل کے لیے کیرئیر کونسلنگ سیشنز کا انعقاد کیا گیا جس میں 250 نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ضلع کیچ میں صفائی ستھرائی سے متعلق پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 120 کے قریب شرکا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔