جعلی انجیکشن سے 12 افراد کی بینائی ضائع 40 کی متاثر، مقدمہ درج کر لیا گیا

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں غیر معیاری انجیکشن سے شوگر کے 40 مریضوں کی بینائی متاثر ہو گئی ہے۔ ماہر امراض چشم ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ جعلی انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھوں کے پردے متاثر ہوئے جبکہ انفیکشن سے 12 افراد کی بینائی ضائع ہوچکی ہے۔ ملزمان کے خلاف واقعے کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں درج کروا دیا گیا ہے۔

جعلی انجیکشن تیار کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم جعلی انجیکشن تیار کرکے 12 سو میں فروخت کرتے تھے جبکہ اصل انجیکشن کی قیمت 40 ہزار سے ایک لاکھ تک ہے۔

ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا کہ یہ انجیکشن ٹھوکر نیاز بیگ میں تیار ہوتے ہیں۔ انجیکشن کی تیاری میں غفلت سے لوگوں کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری انجیکشن لگنے سے مریضوں کی آنکھوں میں انفیکشن ہوا۔

نگراں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ مارکیٹ سے غیر معیاری انجیکشنز کا سارا اسٹاک اٹھا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے ماہرامراض چشم ڈاکٹر اسد اسلم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی 3 روز میں اپنی رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔

عالمی ادارہ صحت سے منسلک ڈاکٹر رانا جواد اصغر نے غیر معیاری انجیکشن لگنے سے 40 افراد کی بینائی ضائع ہونے والے واقعے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ایک سال قبل بھی یہ واقعہ پیش آیا تھا لیکن انتظامیہ اس کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹاؤن لاہور میں درج کروا دیا گیا

آنکھوں کے انجکشن  سے شہریوں کی بینائی متاثر ہونے کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹاون لاہور میں درج کروا دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے چھاپے میں انجیکشن کی تیاری میں ملوث افراد فرار ہو گئے ہیں۔ ملزمان انجیکشن مختلف آئی کلینکس کو سپلائی کرتے تھے۔ انجیکشن کی وجہ سے مریضوں کی بڑی تعداد بینائی سے محروم ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp