برٹنی اسپیئرز کی فلم ’کراس روڈز‘ دوبارہ ریلیز کے لیے تیار

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہالی ووڈ فلموں کے شوقین افراد کا تو معلوم نہیں البتہ برٹنی اسپیئرز  کے فینز کے لیے خوشخبری ہے کہ ان کی فیورٹ پاپ اسٹار کی فلم ’کراس روڈز‘ ایک بار پھر دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے۔ یہ فلم ان کی کتاب ’وومن ان می‘ کی رونمائی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز کی یاداشتوں پر مبنی کتاب ’وومن ان می‘ کی رونمائی رواں سال 24 اکتوبر کو کی جائے گی اور فلم ’کراس روڈز‘ کو اسی موقع پر 23 اور 25 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

میوزیکل ڈرامہ  فلم ’کراس روڈز‘ جب پہلی بار ریلیز کی گئی تھی اس وقت برٹنی اسپیئرز کی عمر 21 برس تھی۔ اس فلم میں انہوں نے ’لوسی‘ کا مرکزی کردار نبھایا تھا۔

فلم ’کراس روڈز‘ اس سے قبل 2002ء میں دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ فلم کی دوبارہ ریلیز سے حاصل ہونے والی آمدنی میں برٹنی کا بھی شیئر ہوگا تاہم یہ شیئر کتنا ہوگا، اس بارے میں تاحال کوئی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

معروف اسکرین رائٹر شونڈا رائمز کی تحریر کردہ اس فلم نے 2002ء میں باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں برٹنی اسپیئرز کا سپر ہٹ گانا ’آئی ایم ناٹ اے گرل‘ نمایاں تھا جس کے باعث فلم کو مزید کامیابی حاصل ہوئی۔ اگلے ماہ کراس روڈز کو 24 ممالک کے 875 تھیٹرز میں پیش کیا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ فلم نئی نسل کو اس رومانوی کامیڈی سے لطف اندوز ہونے کا بھرپور موقع فراہم کرے گی۔

اگرچہ برٹنی اسپیئرز نے ابھی تک فلم کی دوبارہ ریلیز پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم وہ اپنی کتاب کی رونمائی سے متعلق زیادہ پرجوش نظر آتی ہیں۔ جولائی میں ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’میں نے اس پراجیکٹ کے لیے محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا ہے، امید ہے آپ کو یہ کتاب پسند آئے گی، اگر نہیں آئی تو بھی ٹھیک ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp