اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری سے ملاقات کی۔
اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں وفد نے کہا کہ 22 فیصد شرح سود اس وقت انڈسٹری کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے لہٰذا حکومت سے پُرزور مطالبہ ہے کہ اس پر نظرثانی کی جائے جس سے صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت جلد بحال ہو گی۔
شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لانا ناگزیر ہے، صدر اسلام آباد چیمبر
وفد سے گفتتگو کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ زیادہ شرح سود کی وجہ سے ہماری صنعت کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا ہے جس وجہ سے ہماری برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ معیشت کی بحالی کا بہترین طریقہ برآمدات میں تیزی سے اضافہ کرنا ہے جس کے لیے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لانا اشد ضروری ہے۔
بلند شرح سود سرمایہ کاری کے فروغ میں بڑی رکاوٹ ہے، محمد احمد
اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر محمد احمد نے کہا کہ صنعتی شعبے کے لیے بینکوں سے اتنی زیادہ شرح سود پر قرض لینا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے جس کی وجہ سے صنعتوں کی توسیع رک گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلند شرح سود پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی راہ میں بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اس مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دے۔
حکومت صنعت کاری اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے، فہد وحید
چیمبر کے سینیئر نائب صدر فہد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت صنعتکاری اور سرمایہ کاری کی ہرممکن طریقے سے حوصلہ افزائی کرے جس سے معیشت مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔
نئے صنعتی زون کے لیے اقدامات کیے جائیں، خالد اقبال ملک
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد کے علاقے میں صنعتیں لگانے کے خواہشمند ہیں لیکن نئے صنعتی زون کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ نئی سرمایہ کاری کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے کیونکہ قومی مفاد کے اس اہم منصوبے کی تکمیل سے معیشت کے لیے متعدد فوائد حاصل ہوں گے۔
نئے صنعتی زون کے معاملے پر جلد پیشرفت ہو گی، ظفر بختاوری
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ احسن بختاوری خطے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے پہلے ہی گورنر پنجاب، پنجاب کے وزیر صنعت، پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں اور امید ظاہر کی کہ ان کے بقیہ دور صدارت میں اس منصوبے کو آگے بڑھانے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔
اس موقع پر ممتاز صنعتکار خالد جاوید، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، ناصر قریشی، چوہدری وحید الدین، محمد اعجاز عباسی، ناصر خان، عاطف اکرام شیخ، شیخ عامر وحید، کریم عزیز ملک، ثنااللہ خان، شعبان خالد، افتخار انور سیٹھی، ملک سہیل حسین اور دیگر وفد میں شامل تھے۔