اینکر عمران ریاض خان کو 11مئی کو سیالکوٹ ائیرپورٹ سے پولیس نے گرفتار کیا اور ایک دن بعد رہا کر دیا جس کے بعد عمران ریاض لاپتہ ہوگئے۔ 4 مہینے سے زائد عرصہ تک اینکر عمران ریاض لاپتہ رہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نےعمران ریاض کی بازیابی کے لیے 26 ستمبر تک مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران ریاض کی بازیابی کے لیے یہ آخری مہلت ہے۔ آپ نےعمران ریاض کو پیش نہ کیا تو حکم جاری کریں گے۔ 26 ستمبرکا سورج طلوع ہونے میں ابھی ابھی ایک دن باقی ہے لیکن عمران ریاض گھر پہنچ گئے ہیں۔
عمران ریاض صبح 5بجے لاہور میں اپنے ملت کالونی والے گھر پہنچے۔ وی نیوز سے بات کرتے ہوئے عمران ریاض خان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ پولیس کے 3 ڈالے صبح 5 بجے ان کے گھر کے باہر آئے، ایک ڈالا جس میں عمران ریاض تھے، گھر کے سامنے رکا۔ ڈی ایس پی رینک کا افسر گاڑی سے اترا، اس نے عمران ریاض کو باہر نکالا اور فیملی کے حوالے کرتے ہوئے حوالگی پیپر پر عمران ریاض کے بھائی سے دستخط کروائے۔ انہوں نے حوالگی کے ساتھ عمران ریاض کی فیملی کے ہمراہ کچھ تصاویر بنوائیں اور واپس چلے گئے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ جب صبح گھر کی گھنٹی بجی تو ایسا لگا کہ عمران ریاض ہی ہوگا کیونکہ 24 ستمبر کو رات کو بھی ہمارے گھر کے باہر کچھ گاڑیوں کی نقل و حرکت دیکھنے میں آئی تھی۔ ایک ڈرون کیمرے کو بھی گھر کے باہر رات کو اڑایا گیا تھا جس سے لگ رہا تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔
عمران ریاض کے بھائی نے بتایا ’آج جب گھنٹی بجی تو لگا کہ باہر میرا بھائی ہی ہوگا جیسا ہی دروازہ کھولا، جو سوچا تھا ویسے ہی ہوا۔ عمران ریا ض باہر کھڑا تھا۔ میں نے دیکھتے ہی بھائی کو گلے لگایا اور سب کو آواز دی کہ عمران اللہ کے حکم سے گھر آگئے ہیں۔ سب بھاگے بھاگے آئے، سب اللہ کا شکر ادا کرنے ۔لگے اور پھر گھر کے اندر چلے گئے۔ اس وقت وہ گھر کے اندر موجود ہیں وہ کسی سے کوئی ملاقات نہیں کرر ہے‘۔
عمران ریاض کی صحت کیسی ہے؟
عمران ریاض سے ملنے کے خواہش مندوں کا ان کے گھر کے باہر تانتا بندھا ہوا ہے، لیکن عمران ریاض نے ابھی کسی سے کوئی ملاقات نہیں کی۔مشہور یوٹیوبر ہونے کے ناتے بہت سے دیگر یوٹبوبرز اس وقت عمران ریاض کے گھر کے باہر موجود ہیں۔ عمران ریاض سے صرف ان کے قریبی رشتہ دار اور فیملی کے لوگوں نے ہی ملاقات کی ہے۔
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے عمران ریاض خان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کی صحت ابھی ٹھیک نہیں ہے، وہ کافی کمزور ہوگئے ہیں، ان کے بال لمبے ہوگئے ہیں، داڑھی کے بال 3انچ تک بڑھے ہوئے ہیں۔ وہ جب گھر میں داخل ہوئے تو نڈھال تھے۔ کچھ دیر بچوں اور والد سے ملاقات کی، پھر ڈاکٹر نے انہیں چیک کیا۔ ڈاکٹر نے خون کے کچھ نمونے ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے، اب ان کی رپورٹس سے پتہ چلے گا کہ وہ کیوں اس قدر زیادہ نڈھال ہیں۔ طبعیت بحال ہونے کے بعد وہ جلد عوام کے سامنے ہوں گے ۔
عمران ریاض پہلا وی لاگ کب کریں گے؟
عمران ریاض خان چونکہ آج ہی گھر پہنچے ہیں، اس لیے لوگوں کی بڑی تعداد جاننا چاہتی ہے کہ ان کی پہلی اپیئرنس میڈیا، سوشل میڈیا پر کب ہوگی، وہ کب اپنا پہلا وی لاگ کریں گے، 4 ماہ لاپتہ ہونے کا احوال کب سنائیں گے۔
عمران ریاض کے سینئیر پروڈیوسر آفتاب چوہدری کے مطابق ابھی تک عمران ریاض سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی کہ انہوں نے اب وی لاگ کرنا ہے یا نہیں، سیاست کرنی ہے یا اپنا کوئی نیا کاروبار کرنا ہے اس حوالے سے عمران ریاض نے کچھ بھی آگاہ نہیں کیا لیکن امید ہے کہ جیسے ہی ان کی طبعیت بحال ہوگی، وہ اپنی ٹیم کو اپنے آئندہ کے لائحے عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ جلد اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے بتائیں گے کہ وہ کہاں گئے تھے؟ کون لوگ انہیں اٹھا کر لے گئے تھے؟ ایسے تمام سوالات کے جوابات وہ جلد دیں گے۔
عمران ریاض کے بچے اور والد خوشی سے نہال
عمران ریاض 135 دنوں کے بعد گھر آئے ہیں۔ عمران ریاض کو صحیح سلامت دیکھ کر ان کے بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔ عمران ریاض کے 2بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں جو آج اس خوشی میں سکول بھی نہیں گئے۔ عمران ریاض کے والد کی آنکھوں میں بھی خوشی کے آنسو تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ ! تیرا شکر ہے کہ میر ابیٹا واپس آگیا ہے۔