’پی ایس ایل نائن‘ فروری میں کرانے کی تجویز، کوئی نئی ٹیم شامل نہ کرنے کا فیصلہ

پیر 25 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل نائن میں کوئی نئی ٹیم شامل نہیں کی جائے گی اور 6 ٹیمیں ہی ایونٹ میں شریک ہوں گی۔

ذکا اشرف کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق مختلف اہم پہلو زیرغور آئے۔

اجلاس میں پاکستان سپر لیگ 8 فروری سے 24 مارچ تک کرانے کی تجویز دی گئی تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے پی ایس ایل کے دوران ویمنز لیگ یا نمائشی میچوں کے انعقاد کے مواقع تلاش کرنے کے ضمن میں کوششیں کی جائیں گی۔

اجلاس میں یہ طے پایا کہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ ہنگامی منصوبہ بندی کے تحت لیگ کے متبادل مقامات کے سلسلے میں فرنچائزز کے ساتھ نظر رکھے گا۔

ملتان سلطانز کے سابق مالک عالمگیر ترین کو خراج عقیدت

اجلاس میں ملتان سلطانز کے سابق مالک عالمگیر ترین کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ذکا اشرف نے کہا کہ کرکٹ کے لیے ان کی خدمات گرانقدر تھیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اجلاس میں ایچ بی ایل پی سی ایل 9 کے ڈیجیٹل اور میڈیا حقوق سمیت دیگر تجارتی معاملات کے ٹینڈر کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پی ایس ایل کے گزشتہ ایونٹ کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر فرنچائزز کے نمائندوں کو آٹھویں ایڈیشن کی کامیابی کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر فرنچائزز نے لیگ کے چاروں مقامات پر لیگ کو کامیابی سے منعقد کرنے پر پی سی بی، حکومت کے اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp