وفاقی وزراء کی صدر علوی پر ایک بار پھر کڑی تنقید

پیر 20 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ صدر علوی ‘آ بیل مجھے مار’ والے کام نہ کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ ترین پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عارف علوی صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈہ نہ بنائیں، الیکشن کی تاریخ دینے سے صدر کا کوئی لینا دینا نہیں،صدر علوی ”آ بیل مجھے مار“ والے کام نہ کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر مملکت آئین کی حد میں رہیں، صدر الیکشن کمشن کو غیرقانونی اور غیر آئینی احکامات پر مجبور نہیں کر سکتا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمشن آپ کا غلام نہیں کہ جو آپ کہیں وہ مانے۔ عمران نے معیشت، خارجہ تعلقات اور قومی مفادات کو نقصان پہنچایا، اب ریاستی سربراہ کے منصب کو سازش کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر غیر آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ لینے کی کوشش ہو رہی ہے، صدر عارف علوی نے آئین شکنی کی تو آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا ہوگا، آئین کو ٹھوکر ماری تو علوی صدر نہیں رہیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کہ علوی صدر بنیں، عمران خان کی کٹھ پتلی نہ بنیں، صدر علوی کی وفاداری آئین سے ہونی چاہیئے، عارف علوی قومی اسمبلی تحلیل کر کے پہلے ہی آئین شکنی کر چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ علامتی ہے، سپریم کورٹ کے مطابق کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ساز باز صدر کے منصب اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیے : الیکشن کمیشن کے معاملات میں مداخلت ، وزرا کی صدر پر کڑی تنقید

وفاقی وزیر قانون اعظم نزید تارڑ نے صدر مملکت عارف علوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدرصاحب جب آپ نے عمران خان کو عدم اعتماد سے بچانے کے لئے ایک غیر آئینیی رولنگ پر 3 منٹ میں قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی اس وقت تو آپ کو آئینی بالادستی کا خیال نہ آیا۔

اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ آج پھر اپنے لیڈر کی خواہش پر آزاد آئینی ادارے الیکشن کمیشن پر بلا وجہ دباؤ نہ ڈالیں صدر ہیں آپ ورکر نہیں۔

اعظم نزیر تارڑ نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ صدر مملکت کو آئینی عہدے کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیئے، آئین پاکستان صدر کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں دیتا،الیکشن کمیشن کو اپنے لیڈر کے کہنے پر تنقید کا نشانہ نہ بنائیں، سربراہ مملکت بنیں پارٹی ورکر نہ بنیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp