‘مودی کے ہندوستان میں مسلمان اپنے تہوار نہیں منا سکتے’اندور میں مسلمان خواتین پر تشدد کی ویڈیو وائرل

بدھ 27 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں مسلمانوں سے ناروا سلوک کی ویڈیوز اور خبریں آئے دن سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ بھارت میں جہاں مسلمان زیر عتاب ہیں وہیں باقی اقلیتوں کے لیے بھی زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہے۔

اسی حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ بچے اور نوجوان خواتین کو سر عام تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ویڈیو بنانے والی خاتون کہ رہی ہیں کہ ‘یہ دیکھو مسلمانوں کو مارنے کے لیے آرہے ہیں یہ لوگ میں ویڈیو بنا رہی ہوں۔’ ویڈیو میں خاتون مزید کہتی ہیں کہ ‘مسلمانوں کو مت مارو مسلمانوں کو جھنڈے لگانے دو۔’

بھارتی کالم نگار اشوک سوین نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہندوستان کے شہر اندور میں عید میلاد النبی کے موقع پر اپنی گلی کو سجانے پر ہندو نوجوان مسلمان خواتین پر وحشیانہ حملہ کر رہے ہیں۔ مودی کے ہندوستان میں مسلمان اب اپنے تہوار بھی نہیں منا سکتے!


ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا ہندو بالادستی، یا بالادستی کی کوئی بھی شکل، پنجرے میں قید رہنے والے پرندوں کی طرح ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اڑنا ایک بیماری ہے ان کا ماننا ہے کہ مختلف ثقافتوں کو اپنانا ایک بیماری ہے۔ آئیے ہم ایک ایسا معاشرہ بنانے کی کوشش کریں جہاں ہر فرد بغیر کسی خوف کےزندگی  جی سکے۔

صارف نے مزید لکھا مذہبی اقلیتوں کو اپنے مذہب یا تہواروں کو امن سے منانے کے حق سے محروم کر دینا مایوس کن ہے۔ ہمیں کسی بھی قسم کی مذہبی بالادستی یا امتیازی سلوک کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔


گفتگو مزید آگے بڑھی تو صارفین کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں موجود تشدد کرنے والے نوجوان انتہائی کم عمر ہیں ، اتنی سی عمر میں ایسی ذہن سازی انتہائی خطرے کی علامت ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا لوگوں کو زندگی جینے دیں۔


واضح رہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ چند روز قبل بھارت کے ایک علاقے میں بھی پیش آیا تھا جہاں انتہاپسندانہ سوچ رکھنے والی اسکول کی معلمہ نے 7 سالہ مسلمان طالب علم کو کلاس روم کے اندر توہین آمیز سلوک کا نشانہ بنایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp