نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم رسول ﷺ کی ہدایت کی روشنی میں مختلف عقائد کے درمیان اتحاد و بھائی چارہ اپنائے۔
اپنے پیغام میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ آئیے بحیثیت قوم ہم بھائی چارے، محبت اور ہمدردی کی ان اقدار پر عمل پیرا ہوں جو رسول ﷺ نے وضع فرمائی ہیں اور ہم تمام مسلمانوں اور مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے لیے ان کے پیغام کو مشعل راہ بنائیں اور رواداری اور بقائے باہمی کا نمونہ بننے کی بھرپورکوشش کریں۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسول ﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ العالمین ہیں اور آپ ﷺ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابلِ تقلید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اورمحبت کی ایک تابندہ مثال ہے اور آپ ﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں جن سے ہمیں احسان، انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے جو کہ آج کی منقسم دنیا میں امید کی شمع کی مانند ہے‘۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مملکت پاکستان اس وقت مختلف مشکلات سے نبرد آزما ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اس نازک صورتحال میں اپنے پیارے نبی ﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کریں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’اس مبارک موقع کی مناسبت سے ہم معاشرے کےان لوگوں کو بھی یاد رکھیں جو کمزور اور مفلوک الحال ہیں اور ہماری مدد کے منتظر ہیں چوں کہ نبی کریم ﷺ نے معاشرے میں ضرورت مندوں اور کمزوروں کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے اس لیے آئیے ہم مل کر مشکلات سے دوچار افراد کی مدد کریں اور ضرورت مندوں کے لیے مہربانی کا ہاتھ بڑھائیں اور سب کے لیے ایک بہتر مساوی معاشرے کی تعمیر کریں‘۔
انہوں نے کہا کہ آج کا با برکت دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم وہ اقدار اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اختیار کریں گے جن کی بنیاد آپ ﷺ نے ڈالی.
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ’میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمارے ملک پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو مل کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے‘۔