شو میں لڑائی پر خود بھی پریشان ہوں، قصور شیرافضل مروت کا تھا: جاوید چوہدری

جمعہ 29 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر صحافی اور ایکسپریس ٹی وی کے اینکر جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ وہ خود پریشان ہیں کہ ان کے شوز میں لڑائی کیوں ہو جاتی ہے تاہم اس مرتبہ قصور پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت کا تھا جنہوں نے بات کا جواب مکے سے دیا۔

وی نیوز کے وسیم عباسی کے ساتھ ایک یوٹیوب انٹرویو میں جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے واقعی صحافی عمران ریاض کی بازیابی کے لیے کوشش کی تھی اور انہوں نے تصدیق کرکے خبر دی تھی۔

یاد رہے کہ بدھ کو جاوید چوہدری کے شو میں مہمان مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان اور پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن اور وکیل شیر افضل خان مروت کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کے بعد ہاتھا پائی ہوئی اور مکے اور تھپڑوں کا استعمال بھی ہوا۔ اس لڑائی کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور دونوں جانب سے متضاد دعوے سامنے آئے۔

اس حوالے سے سوال پر جاوید چوہدری نے کہا کہ ’مجھے نہیں پتا کہ لڑائی کیوں ہوتی ہے اور میں خود بھی اس پر پریشان ہوں کہ یہ کیسے ہو جاتی ہیں‘۔

جاوید چوہدری نے کہا کہ ’ہر روز لڑائی نہیں ہوتی 16 سال سے شو کر رہا ہوں ہر ہفتے 4 شوز ہوتے ہیں تو اتنی لمبی اننگز میں ایسا ہو جاتا ہے‘۔

جب ان کی توجہ اس طرف دلائی گئی کہ جیو کا شو کیپل ٹاک بھی اس سے پرانا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ وہاں بھی  جھگڑے ہوتے ہیں یہ کام شروع ہی وہاں سے ہوا تھا۔

اس سوال پر کہ کیا اینکرز کا کام مرغے لڑانا ہوتا ہے ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان پڑھے لکھے اور سمجھدار ہوتے ہیں ان کو اینکرز کیسے لڑا سکتے ہیں انہیں خود سمجھنا چاہیے۔

ایک اور سوال پر کہ ٹاک شوز میں ایشو پر بات نہیں ہوتی تو ان کا کہنا تھا کہ تھوڑی دیر کے شو میں زیادہ کچھ نہیں ہو سکتا۔ یہ ایک پراسس ہے جوچلتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ ٹاک شو ہے کوئی سائلنٹ شو نہیں ہے۔ جیسے اسٹیج شو ہے اس میں بھی کچھ لوگ کام کرتے ہیں اور باقی دیکھتے ہیں۔ ٹاک شو میں لوگ گفتگو کریں گے اور اس کا نتیجہ بھی نکلے گا 38 منٹ میں کیسے فیصلے ہوں گے‘۔

جب جاوید چوہدری سے پوچھا گیا کہ لڑائی کے وقت وہ بیچ بچاؤ کیوں نہیں کرواتے تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا اچانک ہو جاتا ہے تیاری کا وقت نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے ساتھ وائرز لگی ہوتی ہیں کل وہ پاؤں میں پھنس گئی تھیں انہیں نکالنے کے لیے کوئی مدد چاہیے ہوتی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سنیٹر ڈاکٹر افنان اور شیر افضل مروت کی لڑائی میں غلطی شیر افضل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’خیالات کا اختلاف ہو سکتا ہے لیکن مکا مارنے کا جواز نہیں تھا پھر ڈاکٹر افنان نے انہیں نیچے لٹا کر مارا اور مشکل سے انہیں چھڑایا گیا‘۔

جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ سال قبل شاہزیب خانزاہ کے ساتھ ان کی سیٹ پر لڑائی میں ان کی غلطی تھی اور انہوں نے بعد میں معذرت کر لی تھی۔ ’بطور سینیئر میری برداشت زیادہ ہونی چاہیے تھی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے کالمز کی کہانیاں سچی ہوتی ہیں جو لوگ تنقید کرتے ہیں انہیں  مطالعہ کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ لوگ مجھے چیلنج کریں وہ جواب دیں گے۔

نواز شریف نے عمران ریاض کی رہائی کی کوشش کی

جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے  صحافی عمران ریاض کی رہائی کے لیے کوشش کی تھی اسی لیے انہوں نے ایک ماہ قبل وی لاگ میں ایسا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ’ایک سینیئر صحافی نے اس حوالے سے نواز شریف سے بات کی تھی جس کے بعد باوجود اس کے کہ عمران ریاض نے نواز شریف کے خلاف بہت باتیں کیں ایک اجلاس میں نواز شریف نے اس مسئلے پر اسٹینڈ لیا اور پھر میں نے ایک اور جگہ سے کنفرم کیا پھر پولیس سے بھی کنفرم کیا جس کے بعد میں نے وی لاگ کیا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp