ڈیرہ بگٹی: اغوا ہونے والے 6 میں سے 4 فٹ بالرز بازیاب

جمعہ 29 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے جنی بیری میں 20 روز قبل اغوا ہونے والے 6 میں سے 4 فٹ بالرز کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

جمعہ کو نگران صوبائی وزیر کھیل جمال رئیسانی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 9 ستمبر کو ڈیرہ بگٹی سے اغوا  کیے جانے والے فٹ بال کے 6 کھلاڑی سی ایم گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے سبی جا رہے تھے کہ انہیں مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ تاہم ان 6میں سے 4 کھلاڑیوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

 نوابزادہ جمال رئیسانی نے بتایا کہ بازیاب فٹبال کھلاڑیوں میں عامر، فیصل، سہیل اور یاسر شامل ہیں۔سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داری بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اِن شا اللہ جلد باقی 2 کھلاڑیوں کو بھی بازیاب کروا لیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کی بازیابی تمام اداروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔

دوسری جانب اغوا ہونے والے فٹ بالرز یاسر کے والد امیر بخش نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج شام کو ہمیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فون آیا اور بتایا کہ آپ کے بیٹے کو صحیح سلامت بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے بیٹے کے گھر واپس آنے پر بے حد خوش ہوں بلوچ لبریشن ٹائیگرز (بی ایل ٹی) کے ترجمان میران بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ 6 میں سے 4 مغوی افراد (فٹ بال کھلاڑیوں) کو رہا کردیاہے۔مذکورہ افراد پر جرم ثابت نہیں ہوا جبکہ مستقبل میں کسی ریاستی مشینری میں حصہ نہ لینے کی قبائلی عمائدین کی ضمانت پر رہا گیا ہے –

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp