آخری تاریخ: ایف بی آر کا ریٹرن فائلنگ سسٹم فعال ہے کہ نہیں؟

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ کسی کی طرف سے سسٹم کی سست روی یا سسٹم کی خرابی سے متعلق مسئلہ نہیں اٹھایا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ IRIS-2.0 اپلیکیشن مکمل طور پر فعال ہے جسے ریٹرن باآسانی فائل کرنے اور ریٹرن کی تاریخ میں توسیع سے بچنے کے لیے یقینی بنایا گیا تھا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر کو لکھے گئے خط میں کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کچھ مسائل کا ذکر کیا تھا جن کا تعلق ٹیکس سال 2023 کے ریٹرن فائل کرنے سے نہیں ہے یا انہیں پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔ ایف بی آر نے ہمیشہ ٹیکس دہندگان اور اُن کے نمائندوں بشمول کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو بروقت حل کرنے میں تیزی سے کام کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حقیقت کا اعتراف کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے ساتھ مختلف خط و کتابت میں تحریری طور پر بھی کیا ہے۔

مزید یہ کہ کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور ان کے حل کی تفصیلات ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں

ایف بی آر کے دعوؤں کے برعکس ریٹرن فائل کرنے والے صارفین کا کہنا ہے کہ آخری روز (30ستمبر) سسٹم پر ٹیکس دہندگان کی بڑی تعداد آنے کے باعث سسٹم کام نہیں کر رہا ہے۔ صارفین نے ایف بی آر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکیں۔

ادھر ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروائے جانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر میں 15 دن یا ایک ماہ کی توسیع دیے جانے کا امکان ہے۔ توسیع کا اعلان آج رات تک متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp