ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں شکست پر محمد رضوان کی وضاحتیں

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں فیلڈنگ اور بولنگ میں غطلیوں کا اعتراف کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پی سی بی کی جانب سے شیئر کی ایک ویڈیو میں محمد رضوان نے کہاکہ بھارت میں کنڈیشنز کو جانچ رہے ہیں، یہ درست ہے کہ ہمیں فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

وکٹ کیپر بیٹر نے کہاکہ وارم اپ میچ کا مقصد کارکردگی میں بہتری لانا ہوتا ہے، ہم نے بھی اس میں سیکھنے کی کوشش کی، بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پچ بہتر تھی جس کی وجہ سے اسکور بن رہا تھا۔ باہر بیٹھے لڑکوں کو وارم اپ میچ میں موقع دینے کا مقصد یہ تھا کہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

بھارت پہنچنے پر لگا ہم کراچی یا لاہور میں ہیں

محمد رضوان نے کہاکہ بھارت پہنچنے پر جس طرح ہمارا استقبال ہوا اس سے لگا کہ ہم کراچی یا لاہور میں ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹر نے کہاکہ پاکستان کے عوام بھی بھارتی ٹیم سے پیار کرتے ہیں، جب کبھی بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی تو اس کا بھی ایسے ہی استقبال کیا جائے گا۔

واضح رہے کرکٹ کے عالمی مقابلے کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جا رہا ہے، پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp