زارا نور عباس نے پاکستان کی شوبز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، انہوں نے کئی بلاک بسٹر ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، لوگ ان کے شوخ مزاج، دل کو بھاہ جانے والے اسٹائل اور دلفریب شخصیت کے دیوانے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صرف انسٹا گرام پر ان کے 6.4 ملین فالورز ہیں۔
آپ کو یاد ہو گا کہ زارا نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے شوہر اسد صدیقی اور والدہ سینئر اداکارہ اسماء عباس کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی اور اپنے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
حال ہی میں زارا کے دل میں ایک مرتبہ پھر اللہ کے گھر حاضری دینے کی خواہش جاگی ہے، اپنے انسٹا گرام پر انہوں نے عمرہ کی سعادت دوبارہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ سال عمرہ کے دوران لی گئی چند مزید تصاویر شیئر کی ہیں اورہر تصویر کے ساتھ اپنے دلی جذبات کا اظہار بھی کیا ہے۔
مزید پڑھیں
زارا نے لکھا، ’سعودی عرب میں میرا زندگی کا تجربہ انتہائی خوبصورت تھا جسے حقیقت میں بیان نہیں کیا جاسکتا، میں اسے بہت یاد کرتی ہوں اور میرے دل میں روزانہ اس کی تڑپ پیدا ہوتی ہے، یہ ایک ایسی جگہ ہے جو شفاء دینے کی طاقت رکھتی ہے، ایک ایسی جگہ جو آپ کی زندگی میں بہت زیادہ مثبت تبدیلیاں لاتی ہے‘۔
زارا نے لکھا کہ ان کی والدہ کا ساتھ رہنا ان کے لیے اس سفر کے پسندیدہ پہلوؤں میں سے ایک تھا۔ اپنی والدہ کے ساتھ روایتی عرب لباس میں لی گئی ایک تصویر پر انہوں نے لکھا کہ آج اپنے لباس کے انتخاب کے ساتھ ساتھ تصویریں بنانے کا بھی موقع ملا۔ انہوں نے اپنی شادی کے موقع پر ہوٹل کی جانب سے ملنے والا خصوصی عربی لباس اور دیگر تحائف کی بھی تصویر شیئر کی۔
اپنے کیمرے سے لی گئی خانہ کعبہ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے زارا نے لکھا، ’یہ آخری بار تھا جب میں نے خانہ کعبہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا، میں اللہ تعالیٰ سے وعدہ کرتی ہوں کی میں یہاں دوبارہ جلد آؤں گی انشا اللہ‘۔
زارا نے تصاویر کے علاوہ چند ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں، ایک ویڈیو میں زارا کے شوہر اسد صدیقی کو ایک دکاندار روایتی عرب عمامہ پہنا رہا ہے، زارا نے اس موقع پر لکھا، ’ہم نے انہیں (اسد صدیقی کو) عربی لباس پہنایا تاکہ اس ماحول کو ہم زیادہ محسوس کرسکیں۔
ایک ویڈیو میں زارا نے خانہ کعبہ میں جاری بارش کا خوبصورت منظر دکھایا اور لکھا کہ عمرہ کے دوران موسم نہایت خوشگوار تھا اور اس دوران بارش ہوتی رہی۔
زارا نے گاڑی میں سفر کے دوران بھی ایک ویڈیو بنائی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر ٹریفک رواں دواں ہے، اس ویڈیو کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ اپنے سفر میں ہم نے اللہ کے عشق میں ڈوبےعظیم فنکاروں کی آواز میں کلام سنا اور اس بات کو سمجھا کہ دنیا میں اللہ کی محبت زیادہ کوئی اور محبت نہیں ہے۔