نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں، مریم نواز

اتوار 1 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف نہیں بلکہ اس ملک کی ترقی و خوشحالی واپس آ رہی ہے۔  جن لوگوں نے نواز شریف کے خلاف سازش کی تھی وہ آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔

نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے شاہدرہ لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کو انتقام کا نشانہ بنانے والے آج عبرت کا نشان بنائے ہوئے ہیں اور قائد ن لیگ کی وطن واپسی کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہاکہ ہمارے ملک کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، نواز شریف کو جب سے اقتدار سے نکالا گیا ہے دن بدن مسائل بڑھ رہے ہیں۔ لوگ بجلی کے بل دیکھ کر ڈرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے دور میں لوگ خوشحال ہو رہے تھے، سستا پیٹرول میسر تھا، لوگوں کے پاس روزگار تھا جس کی وجہ سے ان کا گزر بسر اچھا ہو رہا تھا۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف سازش پہلی بار نہیں ہوئی مگر وہ ہمیشہ کی طرح پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آ رہا ہے۔

نواز شریف کو ناحق سزا نہ دی جاتی تو آج عوام کو مہنگائی کی سزا نہ مل رہی ہوتی، مریم نواز

قبل ازیں گلگت میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف وعدوں کی تکمیل کا نام ہے، ناحق سزا نہ دی جاتی تو عوام کو آج مہنگائی کی سزا نہ مل رہی ہوتی۔

انہوں نے کہاکہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا استقبال تاریخ ساز ہو گا۔ ہم گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور کاروبار کے مواقع دیں گے، لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیں گے۔

نواز شریف نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح کے لیے وطن واپس آ رہے ہیں، مریم نواز

اس سے قبل لاہور میں یوتھ والنٹئیرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے وطن واپس آ رہے ہیں، نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح ان کا مقصد ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ نواز شریف کو سرخرو اور سربلند کیا، وہ وطن واپس آ کر معیشت کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کا بھی خاتمہ کریں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ ہمیشہ کہتی ہوں کہ نواز شریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں تو پاکستان میں صرف کھنڈرات بچیں گے۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے ساتھ نوجوانوں اور مزدوروں کو روزگار دیں گے اور امن و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ ہم نے قوم کی خدمت کا ایک لمحہ ضائع کیا نہ آئندہ کریں گے۔

مریم نواز کا اجلاس آمد پر پُرجوش نعروں سے استقبال

اس سے قبل مریم نواز کی اجلاس میں آمد پر یوتھ والنٹیئرز کی جانب سے پرجوش نعروں سے استقبال کیا گیا۔ اجلاس میں نواز شریف کی واپسی پر استقبالیہ تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

مریم نواز نے یوتھ والنٹیئرز کے جوش و جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 21 اکتوبر کو اپنے قائد نواز شریف کا بھرپور استقبال کریں گے، شرکا کہنا تھا کہ اپنے بچوں اور فیمیلیز کے ہمراہ قوم کے مسیحا کو خوش آمدید کہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp