اسپین کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک

اتوار 1 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپین میں ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ اتوار کی صبح 6 بجے مرسیا شہرمیں واقع دو منزلہ نائٹ کلب ’ ٹیٹر‘ میں لگی۔ اس کلب کو ’فونڈا میلاگروس‘ بھی کہا جاتا ہے۔ عمارت میں تاحال کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں جس کے باعث حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اسپین کی ایمرجنسی سروسز نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فائرفائٹرز نے جائے وقوعہ پر تاحال کام جاری رکھا ہوا ہے اور انہوں نے آگ سے متاثرہ مزید افراد کے ملنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا ۔

مرسیا کے میئر جوز بیلسٹا نے کہا ہے کہ نائٹ کلب میں آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے لگی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز صبح 7 بجے جائے وقوعہ پر روانہ ہوئے تھے اور صبح 8 بجے تک انہوں نے آگ پر قابو پالیا تھا۔

سالگرہ کی تقریب

ہسپانوی پولیس کے ترجمان ڈیاگو سیرل نے کہا ہے کہ کہ ہفتہ کی رات کلب میں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق آگ نائٹ کلب کی پہلی منزل پر لگی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے 40 سے زیادہ فائر فائٹرز اور 12 ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے مرسیا نائٹ کلب میں ہونے والی المناک آتشزدگی کے متاثرین اور ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ مرسیا کے میئر نے شہر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے 2017ء میں اسپین کے ایک جزیرے ٹینیرائف پر ایک نائٹ کلب میں چھت گرنے سے 40 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس سے قبل 1990ء میں اسپین کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث 43 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp