نگراں وفاقی وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہاکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث سیکیورٹی اہلکاروں کے کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے گندم، چینی، یوریا اور پیٹرولیم کی اسمگلنگ پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے، ایک ماہ کے دوران حاصل ہونے والے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔
مزید پڑھیں
سرفراز بگٹی نے کہاکہ اینٹی اسمگلنگ کے حوالے سے مشترکہ چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں جن میں مختلف اداروں کے لوگ شامل ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ ڈالر کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف 1068 ایف آئی آرز رجسٹرڈ کی گئی ہیں، نارکوٹکس کے خلاف مہم کے دوران کاٹے گئے پرچوں کی تعداد 242 ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس مہم میں کسی کو بھی کوئی ریلیف نہیں ملے گا، جو افسران دھندے میں ملوث ہیں ان کے خلاف انکوائری جاری ہے۔
سرفراز بگٹی نے اسمگلنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آرمی چیف نے اس حوالے سے بالکل واضح کیا ہے کہ ایسا کرنے والوں کے کورٹ مارشل ہوں گے اور جیل بھی بھیجا جائے گا۔
اسمگلنگ اونٹوں نہیں مال بردار گاڑیوں پر ہو رہی تھی
وزیر داخلہ نے کہاکہ اسمگلنگ اونٹوں پر نہیں بلکہ مال بردار گاڑیوں پر ہو رہی تھی۔
وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ فوج کا اپنا ایک احتساب کا نظام ہے جو ہم نے 9 مئی کو دیکھا تھا۔
سرفراز بگٹی نے آنے والے دنوں میں دہشتگردی میں کمی کی نوید سناتے ہوئے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشنز کے نتیجے میں دہشتگرد پریشانی کے عالم میں زیادہ حملے کرتے ہیں۔
’دہشت گردوں کی جانب سے حملے کر کے ریاست کو بیک فٹ پر لے جانے کی سوچ غلط فہمی پر مبنی ہے‘۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کر سکے۔