انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو

پیر 2 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکشن ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئینی مدت کے اندر انتخابات ہوں، عوام دیکھ لیں کے ان کے احتساب سے کون بھاگ رہا ہے۔

سندھ کے بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو ملک میں انتخابات چاتی ہے، اس کے علاوہ کوئی حلقہ بندیوں کا بہانہ کر رہا ہے تو کوئی کہتا ہے کہ ملک میں امن و امان کا مسئلہ ہے۔ ’کسی کو موسم کی شکایت ہے کہ جنوری میں سردی ہوتی ہے اور انتخابات نہیں ہو سکتے‘۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ترقیاتی اسکیموں پر پابندی کا معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے اٹھائیں گے، اگر وہاں پر ہماری شنوائی نہ ہوئی تو پھر عدالتوں کا رخ کیا جائے گا۔ اور اگر عدالتیں بھی انصاف نہ دے سکیں تو پھر پیپلزپارٹی جانتی ہے کہ اپنا حق کیسے لینا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ اس وقت تمام بلدیاتی نمائندے چیف الیکشن کمشنر اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ رہے ہیں۔ میں نے حکومت میں ہوتے ہوئے بڑی کوشش کر کے ترقیاتی اسکیمیں منظور کرائی تھیں۔

اس وقت عوام کو روٹی، کپڑا، مکان کی ضرورت ہے

انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ ہیں، سب کو روٹی کپڑے اور مکان کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ معاشرے میں تقسیم پیدا کر دی گئی ہے۔

پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہاکہ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں کرتے، ہمارے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہاتھا کہ ’نا تیرا نا میرا ہم سب کا پاکستان‘، ہم بھی اسی فلسفے پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے موقع پر ضلعی سطح پر پیپلزپارٹی پاور شو کرے گی، اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp