وفاقی حکومت نے ’میرا صحت کارڈ‘ موبائل ایپ لانچ کر دی، ’میراصحت کارڈ‘ ایپ اینڈرائیڈ پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں نگراں وفاقی وزیر ندیم جان نے ’میرا صحت کارڈ‘ موبائل ایپ کا اجراء کیا، فی الحال ’میراصحت کارڈ‘ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ضلع تھرپارکر (سندھ) کے مستقل رہائشی خاندان کے لیے دستیاب ہو گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر صحت ندیم جان نے کہا کہ عنقریب ’میراصحت کارڈ‘ پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے دستیاب ہو گی، ایپ اہل خاندان کے اراکین کی ایک جامع فہرست دیتی ہے۔
ندیم جان کے مطابق ڈیجیٹل ریکارڈ خاندانوں کو اپنی صحت کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے کے لیے با اختیار بنائے گا اور طبی علاج کی تاریخ کا ریکارڈ بھی فراہم کرے گا۔
وزیر صحت نے کہا کہ ایپ طبی دیکھ بھال کرنے والوں کے درست معلومات تک رسائی حاصل ہونے کو یقینی بنائے گی، ایپ کا اہم ترین فائدہ یہ ہے کہ اس سے شہریوں کو اب دستیاب علاج کی شفاف فہرست تک رسائی حاصل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے، صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے اصلاحات کی جا رہی ہیں ۔