سابق وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہاکہ کامیابی کے بعد ن لیگ ایک گرینڈ ڈائیلاگ شروع کرے گی، اور گرینڈ ڈائیلاگ کا بہترین وقت الیکشن کے بعد ہوگا۔ 2013 میں بھی ملک میں ہونے والی دہشتگردی پر نواز شریف نے سب کو ایک ساتھ اکھٹا کیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 2024 میں نیا سفر شروع ہوگا، مہنگائی سے جان چھوٹے گی اور نواز شریف کی قیادت میں پاکستان معیشت کی بحالی کے عمل میں کامیاب ہوگا۔ جس سے نوجوانوں کو نئی امید ملے گی۔ کیونکہ اس وقت معیشت جس بدحالی کا شکار ہے اس سے نوجوان سخت نا امید ہیں۔
مزید پڑھیں
عمران خان جو نسخہ اس قوم کے لیے لکھ کر گیا ہے اس کا خمیازہ بگھتنا پڑ رہا ہے، کیونکہ عمران خان نے اپنے مفاد کے لیے آئی ایم ایف کا معاہدہ ثبوتاژ کیا اور اس کے بعد پاکستان کا حال جو ہوا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت کسی نئے تجربے کی ضرورت نہیں ہے، اس وقت نواز شریف ہی ایک تجربہ کار طبیب ہیں جو پاکستان کو صحیح سمت پر لا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 3 دفعہ نواز شریف نے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کی کوشش کی، اب نواز شریف کو موقع ملے گا کہ پاکستان کو معاشی طاقت کے طور پر منوائے گے۔
احسن اقبال نے کہاکہ نواز شریف اس قوم کو متحد کرنے کے پیغام کے ساتھ آئیں گے تاکہ قوم میں سے نفرت اور تعصب کو ختم کرسکیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ریاستی ادارے آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں۔
’قومی ادارے ہمارا اثاثہ ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ امریکا اور یورپ میں بھی پی ٹی آئی پاکستان کی ساکھ کو تباہ کررہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں عمران خان وہ پہلا وزیراعظم ہے جو آئینی طریقے سے باہر کیا گیا، 9 مئی کا حملہ پاکستان پر ریڈ لائن ہے۔ جب عمران خان نے پارلیمینٹ پر حملہ کیا تھا تو اسی وقت نمٹ لینا چاہیے تھا۔