پاکستان تحریک انصاف انتخابی مہم کب اور کیسے شروع کرے گی؟

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کے لیے سیاسی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں تاہم انہوں نے پارٹی رہنماوں کو انتخابی مہم کے حوالے سے ہدایات وکلا کے ذریعے پہنچا دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اپنی انتخابی مہم کا آغاز الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی کردے گی جس کے لیے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

تحریک انصاف کے ایک ڈویژنل صدر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبائی صدور نے انتخابی مہم کے لیے تیاریاں شروع کرنے کا پیغام پہنچا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ضلعی اور ڈویژنل سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کے لیے ذیلی تنظیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

روپوش رہنما کب منظر عام پر آئیں گے؟

9 مئی کے واقعے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنما گرفتار ہیں یا تو روپوشی اختیار کر لی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے اب روپوش رہنماؤں کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ملک بھر میں ورکرز کنونشز کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد تمام روپوش رہنما منظر عام پر آکر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے روپوش رہنماؤں کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں کہ انتخابی مہم میں کھل کر سامنے آئیں اور اگر ان کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہوگی۔

پارٹی ٹکٹوں کا اجراء  کیسے کیا جائے گا؟

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آئندہ چند روز میں پارٹی ٹکٹس جاری کرنے کے لیے بورڈ کا اعلان کرے گی جس میں صوبائی صدور اور پارٹی عہداران ممکنہ امیدواروں کے آن لائن انٹریو لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جن حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ ارکان پارٹی ٹکٹ نہیں لیں گے وہاں سے نوجوان پارٹی ورکرز اور وکلا کو ترجیح دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp