نواز شریف انتقام کے لیے نہیں، پاکستان کے لیے آرہے ہیں، شہباز شریف

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کا بیٹا 21 اکتوبر کو واپس آرہا ہے، نواز شریف انتقام لینے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے آرہے ہیں۔ نواز شریف ترقی کا سفر جہاں چھوڑکر گئے تھے وہیں سے آگے بڑھانے، ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرنے کے لیے واپس آرہے ہیں۔

 صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں اپنے اس حلقے میں حاضر ہوا ہوں جس نے مجھے 2013 سے آج تک عزت سے نوازا ہے، میں آپ کا شکریہ ادا کرنا بھی چاہوں تو نہیں کر سکتا۔ آپ نے ہمیشہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کو عزت سے نوازا اور ووٹ دیے۔

انہوں نے کہاکہ 2013 میں نواز شریف نے 20، 20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کی، تب بجلی نہیں تھی اور لوگ بے روزگار تھے۔ نواز شریف نے صرف 4 سالوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا اور یاد کریں وہ دن جب نواز شریف نے کلننٹن کے فون کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے، اس ملک کے لیے انہوں نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا لیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ آپ وعدہ کریں کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے اسے پیغام دیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی، نواز شریف کی واپسی پر اہلیان لاہور کی جانب سے پرتباک استقبال کیا جائے گا۔ 21 اکتوبر کو سب مینار پاکستان جلسے میں شرکت کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان آکر معیشت کی بحالی کے اقدامات کرنے آرہے ہیں، اس ملک کو دوبارہ ترقی کے سفر پر گامزن کرنے آرہے ہیں۔ ان کا مقصد غریبوں کے لیے اقدامات کرنا ہے ملک کو اس مہنگائی کی چکی سے باہر نکالنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ قوتوں نے نواز شریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا بلکہ آپ کو ترقی کے سفر سے محروم کیا ہے، اب نواز شریف دوبارہ اس ملک کو خوشحال کرنے کے لیے آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ 2018 میں ترقی کا سفر ختم کرایا گیا تھا، لیکن اب دوبارہ نواز شریف غریبوں، مسکینوں اور نوجواںوں کی خدمت کرنے آرہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، معیشت بہتر تھی، ڈالر اپنی جگہ پر مستحکم تھا اور پھر دھاندلی کرکے نواز شریف کو اقتدار سے محروم کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp