کیا عثمان ڈار کے انکشافات واقعی درست ہیں؟ سوشل میڈیا پر تبصرے

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عثمان ڈار نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سانحہ نو مئی کا حکم عمران خان نے دیا، مقصد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا تختہ الٹنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کےلیے کارکنوں کی ذہن سازی کی ۔

انٹرویو کے نشر ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تو جیسے ایک طوفان برپا ہوگیا ، کسی نے تنقید کی تو کسی کو یقین نہ آیا ، کسی نے طنزیہ تبصرہ کیا تو کسی نے لکھا کہ شاید عثمان ڈار کسی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

صارف مغیث علی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا عثمان ڈار زبردستی کی ہنسی ہنس رہے ہیں،انٹرویو کیلئے باقاعدہ اسٹیج سجایا گیا، بھاگ کر دکھانا پڑا کہ وہ تندرست ہیں،دیکھنا ہوگا ٹی وی کے بعد عثمان ڈار عدالت میں بھی عمران خان کیخلاف بیان دیتے ہیں ؟ یا پھر اس بیان کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا، عمران خان کا امتحان ابھی مزید باقی ہے، معاملات ٹھیک نہیں ہورہے الجھ رہے ہیں۔

صحافی کامران شاہد کے شو میں انٹرویو کے لیے آنے والے عثمان ڈار کی بازیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا عثمان ڈار اغواء ہوئے کسی ادارے کو نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہے شاباش دینی چاہیے کامران شاہد کو جس نے عثمان ڈار بازیاب کرایا

https://twitter.com/pakistaniiiii_/status/1709591866105069649

صحافی بشیر چودہری نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا سیالکوٹ سے الیکشن ہارنے کے باوجود ساڑھے چار سال وفاقی وزارت کا مزہ لینے والے عثمان ڈار بھی بالآخر لام لیٹ ہوگئے۔۔ ان کے خاندان بالخصوص والدہ محترمہ نے مشکلات کا سامنا ضرور کیا۔۔ لیکن زیادہ مشکل وقت تو کاٹ لیا تھا۔ اب ہتھیار ڈالنے کا مطلب عصر کے وقت روزہ توڑنے کے مترادف ہے۔ اور پھر عمران خان کے خلاف باتیں۔

پی ٹی آئی کے حامی صارفین یہ سوال کرتے نظر آئے کہ کیا عثمان ڈار کے انکشافات واقعی درست ہیں؟ جب کہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایسے بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار پچھلے کچھ عرصے سے لاپتہ تھے اور آج اچانک اینکر کامران شاہد کے پروگرام میں نظر آئے جہاں انہوں نے انٹرویو کے دوران تہلکہ خیز انکشافات کیے جس میں انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی پلاننگ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp