جیل میں پہلا جنم دن، عمران خان کی سالگرہ تقریبات، تحریک انصاف کی منصوبہ بندی کیا ہے؟

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹر پلٹ سیاستدان عمران خان نے زندگی کی 71 بہاریں دیکھ لی ہیں، ان 71 برسوں میں وہ کئی کامیابیاں سمیٹ چکے اور کئی تنازعات کی زد میں بھی رہے ہیں۔ زندگی بھرپور طریقے سے جینے والے عمران خان اپنی 71ویں سالگرہ کے موقع پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر زمان پارک میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹیم کے ایک رکن کے مطابق زمان پارک میں اس روز قران خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں کارکنان سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قران خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کریں گے۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم نے عمران خان کی سالگرہ منانے کے لیے کارکنان سے رائے بھی مانگی تھی جس کے جواب میں بیشتر پی ٹی آئی سپورٹرز نے شوکت خانم ہسپتال کو عطیات دے کر عمران خان کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کی تجویز دی تھی۔

عمران خان 05 اکتوبر 1952ء کولاہورمیں اکرام اللہ خان نیازی کے گھر پیدا ہوئے، وہ 4 بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔ ماضی میں بھی انہوں نے سالگرہ کے موقع پر خصوصی اہتمام نہیں کیا تاہم کارکنان کی جانب مختلف طریقوں سے ان کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی جاتی رہی۔

رواں برس بھی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر کارکنان کے خصوصی ویڈیو پیغامات ریکارڈ کرنے اور سوشل میڈیا پر شئیر کرنے کی تیاریاں کر رکھی ہیں۔

سوشل میڈیا ٹیم کے ایک رکن کے مطابق عمران خان سالگرہ کے لیے خصوصی تقریبات کے انعقاد میں کوئی دلچسپی نہیں لیتے اور نہ اس کے لیے کبھی کوئی اہتمام کیا ہے۔

عمران خان کا تعلق پشتونوں کے نیازی قبیلے سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی، پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1971ء میں 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

عمران خان 1982ء سے 1992ء کے درمیان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے،انہی کی قیادت میں 1992ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔

عمران خان نے 25 اپریل 1996ء کو اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، ان کی جماعت نے خصوصاً نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ تحریک انصاف نے 2013ء کے عام انتخابات میں خیبر پختونخوا میں اکثریت حاصل کی اور صوبائی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

پھر 2018ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی نے ملک کی سب سے بڑی جماعت ابھر کر سامنے آئی اور وفاق میں برسراقتدار آگئی، عمران خان 17 اگست 2018ء کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہوگئے۔

عمران خان نے 3 شادیاں کیں. انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ سے کی جن سے ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے۔ 2004ء میں جمائما اور عمران خان کی طلاق ہوگئی۔

عمران خان نے دوسری شادی 2015ء میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی۔ ان کی تیسری شادی 2018ء میں بشریٰ بی بی سے ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp