افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے پاکستان سے افغانستان جانے والی کن اشیا پر پابندی عائد کردی گئی؟

جمعرات 5 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دہشت گردی کے واقعات میں اضافے اور دہشت گرد حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آنے پر ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام افغان شہریوں کو بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو یکم نومبر تک مہلت دیتے ہوئے انہیں اپنے ملک افغانستان واپس چلے جانے کا کہا گیا ہے۔

اس پیشرفت کے پس منظر میں نگراں حکومت نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے پاکستان سے افغانستان جانے والی 212 اشیا پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان حکومت کا موقف ہے کہ ان 212 اشیاء کی افغانستان کو ضرورت نہیں ہے۔

نگراں حکومت نے گھریلو استعمال کی اشیاء، الیکٹرونکس، کپڑے، خشک میوہ جات اور چائے کی پتی افغان ٹریڈ ٹرانزٹ کے ذریعے پاکستان سے افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے، اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے بہت سے گھریلو استعمال کی اشیاء، الیکٹرونکس، کپڑے، خشک میوہ جات، چائے کی پتی اور دیگر اشیاء پاکستان سے افغانستان جاتی ہیں، تاہم نگراں حکومت نے افغان حکومت کی مشاورت سے 212 اشیاء کی تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام طرح کے کاسمیٹکس سامان کے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے افغانستان جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ 17 اقسام کے کپڑے، تمام اقسام کی گاڑیوں، موٹر سائیکل، بسوں اور ٹرکوں کے ٹائرز، خشک میوہ جات، تین قسم کی چائے کی پتی بھی اب افغانستان نہیں بھیجی جاسکے گی۔

دیگر گھریلو استعمال میں آنیوالے آلات اور مشینیں مثلاً ریفریجریٹر، ایئر کنڈیشنر، جوسر اور کچن میں استعمال ہونے والی دیگر چھوٹی مشینوں کی بھی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے افغانستان جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp