غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے کوئی ڈیڈلائن نہیں دی جا سکتی، دفتر خارجہ

جمعرات 5 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی باشندوں کو ملک سے مرحلہ وار نکالا جائے گا، اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ یا ڈیڈ لائن نہیں دے جا سکتی، پاکستان نے افغان مہاجرین کے بارے میں پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین بارے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی کھلے دل سے برسوں  سے میزبانی کی، پاکستان افغان مہاجرین کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔ پاک افغان باہمی تجارت بند نہیں ہوئی، یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔ پاکستان افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری ہے۔ پاکستان اس ٹرانزٹ ٹریڈ کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

’ پاکستان افغان مہاجرین سمیت تمام غیرقانونی رہائش پذیر باشندوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے، پاکستان اس حوالے سے افغان عبوری حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا، پاکستان میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن کی ڈیڈ لائن ان کی تعداد اور اقدامات پر منحصر ہے۔‘

’پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی تبت میں ملاقات ہوگی‘

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی ٹرانس ہمالیہ کانفرنس میں شرکت کے لیے تبت میں ہیں۔ کانفرنس میں وزیر خارجہ نے آج خطاب بھی کیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق ٹرانس ہمالیہ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر جلیل عباس جیلانی کی افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی، ملاقات میں دوطرفہ معاملات پر خصوصی گفتگو کی جائے گی اور افغان مہاجرین کے مسئلے پر بھی بات ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ چین کے ہم منصب کی درخواست پر تبت گئے ہیں، ان کی چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات بھی ہوئی ہے، ملاقات میں سی پیک اور باہمی تزویراتی رابطوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی سیاسی مشاورت کا تیسرا دور گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوا، پاکستان اور جی سی سی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوئے، فریقین کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدے پر پیش رفت ہوئی۔

جنیوا میں پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس

ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق پاکستان نے جینوا میں او آئی سی گروپ کے ساتھ مل کر نفرت، منافرت اور امتیاز کے خاتمے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کا عنوان تھا ’مذہبی امتیاز، عدم رواداری اور نفرت پر معیاری فریم ورک کی افادیت کا نقشہ بنانا‘۔

’یہ تقریب اسلامو فوبیا اور ان کے مذہبی عقائد کی بنیاد پر افراد کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک، عدم برداشت اور نفرت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری کوششوں کی تکمیل کرے گی۔‘

بھارتی قابض فوج کا جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی قابض فوج کا جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ ستمبر کے مہینے میں 13 بیگناہ کشمیریوں کو قتل کیا گیا ، یہ مظالم جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا میں مسلسل ملوث ہے حالانکہ وہ خود پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ میزبان ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہماری کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی آئی عالمی کپ میں بھرپور تحفظ فراہم کرے، سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

بھارت سیاست کو کھیل کے ساتھ نہ ملائے

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ عالمی کپ میں پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراء کے حوالے سے بھارت سے رابطے میں ہیں، امید کرتے ہیں کہ پاکستانیوں کو عالمی کپ کرکٹ کے حوالے سے ویزے جاری کیے جائیں گے، بھارت سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہ ملائے، بطور میزبان ملک بھارت پاکستانی شائقین کے عالمی کپ کے دیکھنے کے حوالے سے رکاوٹیں نہ ڈالے

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہمارے ساتھ الیکشن کمشن آف پاکستان کی جانب سے رابطے کیے گئے ہیں، یہ رابطے غیر جانبدار انتخابی مبصرین کو پاکستان بلانے کے حوالے سے ہیں۔ بین الاقوامی الیکشن مبصرین کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے خط لکھا ہے۔

فلسطین پر پاکستان کی پالیسی نہیں بدلتی

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف نہایت واضح ہے، ہم 1969 سے پیشگی سرحدوں اور القدس بطور دارالحکومت فلسطینی ریاست کے قیام کو مسئلہ فلسطین کا حل سمجھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp